آج سے کھارگھر میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع کا آغاز،مولانا سعد کاندھلوی کی ممبئی آمد، شرکاء جماعت کے لیے رہنما ہدایات جاری

 

ممبئی، 31 جنوری(نمائندہ خصوصی) نوی ممبئی کے کھارگھر میں جمعہ، 31 جنوری سے شروع ہونے والے سہ روزہ تبلیغی اجتماع کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ملک بھر سے بڑی تعداد میں شرکاء اجتماع گاہ پہنچ چکے ہیں۔ مولانا فہد صدیقی کی اطلاع کے مطابق امیر جماعت مولانا سعد کاندھلوی ممبئی تشریف لاچکے ہیں۔ بتادیں کہ اجتماع کے لیے 350 ایکڑ وسیع قطعۂ اراضی پر انتظامات کیے گئے ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے اجتماع گاہ آنے والوں کے لیے سات اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ وہ بہتر انتظامات کے تحت اجتماع میں شرکت کریں اور یکسوئی کے ساتھ علماء و مبلغین کے بیانات سن سکیں۔ شرکاء کو پبلک ٹرانسپورٹ جیسے لوکل ٹرین، بس، ٹیکسی اور آٹو رکشہ استعمال کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔بیلاپور، کھارگھر اور پنویل ریلوے اسٹیشنوں سے اجتماع گاہ تک خصوصی سرکاری بسوں اور آٹو رکشوں کا انتظام کیا گیا ہے۔پرائیویٹ بسوں کے شرکاء سے درخواست کی گئی ہے کہ اجتماع گاہ پہنچنے کے بعد بسوں کو فوری واپس بھیج دیں اور اجتماع کے آخری دن ظہر کے بعد بسیں واپس منگوائیں۔ پرائیویٹ گاڑیوں کے مالکان سے کہا گیا ہے کہ واپسی کے وقت اجازت ملنے تک رکے رہیں اور جلد بازی نہ کریں۔جمعہ کی نماز اجتماع گاہ میں دوپہر 2 بجے ادا کی جائے گی۔ اجتماع کے آخری دن، اتوار کو مغرب کے بعد بیان اور دعا کے فوراً بعد عشاء کی نماز ادا کی جائے گی۔ واپسی کی ترتیب میں پہلے پیدل افراد، پھر دو پہیہ گاڑیاں، اس کے بعد کاریں اور آخر میں بسوں کو روانہ کیا جائے گا۔ اجتماع میں نقد رقم ساتھ رکھنے کی تاکید کی گئی ہے کیونکہ بھیڑ کی وجہ سے نیٹ ورک کے مسائل کے سبب آن لائن ادائیگی ممکن نہیں ہوگی۔ دریں اثناء تبلیغی جماعت کے امیر مولانا سعد کاندھلوی نظام الدین مرکز دہلی سے 60 علماء و ذمہ داران کے قافلے کے ہمراہ جمعرات کو ممبئی پہنچ چکے ہیں۔ اس قافلے میں مولانا عبدالستار، مولانا جمشید اور بھائی مرسلین سمیت دیگر ذمہ داران شامل ہیں۔ اجتماع کی سیکیورٹی کے حوالے سے ڈپٹی پولیس کمشنر کے ساتھ تفصیلی میٹنگ کی گئی، جس میں حفاظتی اقدامات اور نگرانی کے امور پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ کسی قسم کے ناخوشگوار واقعے کا اندیشہ نہ رہے۔ شہر اور مضافات کے عوام جمعرات کی شام ہی کھار گھر کے لیے روانہ ہوگیے۔ ممبرا، تھانے، کرلا، گوونڈی، سائن، بھنڈی بازار، میرا روڈ، وسئی سمیت دیگر علاقوں سے جماعت انتظامیہ کی جانب سے خصوصی بسیں بھی روانہ ہوئی ہیں جس میں بڑی تعداد میں جماعت کے احباب شامل تھے۔

Comments are closed.