مدرسہ ضیاء العلوم جامعۃ الابرار ٹالی گمٹی موریا ضلع دربھنگہ میں "مسجد ابرار "کا سنگ بنیاد اور حفاظ کرام کی دستار بندی

دربھنگہ (بختیار ثاقب قاسمی)
دربھنگہ ضلع کا معروف ادارہ مدرسہ ضیاء العلوم جامعۃ الابرار محتاج تعارف نہیں ہیں یہ مدرسہ دربھنگہ شہر سے 13 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مشرق میں 2003میں قائم ہوا اور تب سے لے کر اب تک سینکڑوں حفاظ کرام نے حفظ قران کریم کی سعادت اس ادارے میں حاصل کی ہے۔ ادارے کے بانی اور ناظم حضرت مولانا حافظ محمد ضیاء الدین صاحب قاسمی دامت برکاتہم العالیہ کا تعلق ہمیشہ اکابر علمائے دیوبند اور بزرگوں سے رہا ہے ۔ایک طرف ادارے کے ناظم و بانی مولانا ضیاء الدین صاحب قاسمی کوعارف باللہ حضرت مولانا قاری صدیق احمد باندوی رحمت اللہ علیہ سے خصوصی نسبت و تعلق اور ان کاتلمذ حاصل رہا ہے تو دوسری طرف حضرت مولانا شاہ ابرار الحق صاحب حقی کی رحمة اللہ علیہ ہر دوئی،حضرت مولانا قاری عبدالرؤف صاحب رحمة اللہ علیہ ہر دوئی اور حضرت مولانا حکیم کلیم اللہ صاحب دامت فیوضہم خلیفہ مجاز حضرت شاہ ابرار الحق صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی نگرانی اور سرپرستی اس ادارے کو حاصل رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس ادارے کو ملک کے بزرگان دین اور عمائدین ملت کا اعتماد حاصل رہا ہے۔
اس وقت مدرسہ میں تقریبا ڈیڑھ سو بچے زیر تعلیم ہیں جن کے قیام و طعام اورکفالت کا مکمل نظم و انتظام مدرسہ کے ذمہ رہتا ہے۔
حسب سابق اس سال بھی مورخہ 9فروری 2025بروز اتوار مطابق 10 شعبان المعظم 1446 ہجری کو اس سال حفظ قران کریم کی سعادت حاصل کرنے والے حفاظ کرام کی دستار بندی عمل میں آئی اور انہیں مختلف انعامات سے نوازا گیا ساتھ ہی اسی موقع پر مدرسہ کے دیرینہ تقاضے کے مطابق مدرسے کے کمپس میں ہی ایک وسیع و عریض مسجد "مسجد ابرار "کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔جس کی تقریب میں علماء کرام، بزرگان دین ،مدرسہ کے طلباء و مدرسین ،کولکاتہ و دہلی کے مہمانان کرام کے ساتھ ساتھ علاقے کے سینکڑوں مرد و خواتین نے پورے جوش جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔
سنگ بنیاد کا پہلا مسالہ نمونہ سلف حضرت مولانا اظہار الحق صاحب مظاہری ناظم الجامعۃ الاسلامیہ اشرف العلوم کنواں شمسی سیتا مڑھی کے دست مبارک سے رکھا گیا۔بعد ازاں حضرت حافظ و قاری محمد مستقیم صاحب ناظم مدرسہ ضیاء العلوم صدیق آباد برے پورہ بیگو سرائے،حضرت مولانا مفتی عاصم صاحب مظاہری ناظم المعہد العالی الاسلامی پھلواری شریف پٹنہ،مولانا محمد ضیاء الدین قاسمی ناظم و بانی مدرسہ ضیاء العلوم جامعۃ الابرار موریا،مولانا محمد صبا الدین قاسمی نائب ناظم مدرسہ ہذا،مولانا بختیار ثاقب قاسمی ڈائریکٹر دارالسلام ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ چھتون دربھنگہ،مولانا محمد زاہد حسین قاسمی جبرا،مولانا قاری محمد نسیم مولانا صلاح الدین ندوی،مولانا مناظر حسن اجرا،کولکاتہ سے تشریف لانے والے مہمانان کرام جناب علی رضا،جناب حاجی محمد اسلم عرف منا،جناب شجیع عادل،جناب عبید اللہ،جناب محمد داؤد،جناب محمد غازی،جناب حافظ محمد کمال الدین،جناب محمد فرقان صاحبان۔ دہلی سے تشریف لانے والے مہمانان کرام جناب حافظ محمد نور الدین،جناب محمد ساجد،جناب نثار احمد اور سلی گوڑی سے آئے مہمان جناب محمد نسیم صاحب نے بالخصوص سنگ بنیاد کی تقریب میں حصہ لیا اور اپنے بھرپور تعاون سے نوازنے کے ساتھ مستقبل میں بھی مدرسہ اور مسجد کی تعمیر میں حصہ لینے کے مصمم عزم وارادے کا یقین دلایا۔
علاقے اور اطراف سے آئے ہوئے معزز مرد و خواتین حضرات نے بھی مسجد کے سنگ بنیاد میں حصہ لیا اور اور اپنے گراں قدر تعاون سے نوازنے کے ساتھ مسجد کی تعمیر کے تعلق سے اپنی بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔
واضح رہے کہ ماسٹر پلان اور مجوز ہ نقشہ کے مطابق مسجد ابرار دو منزلوں پر مشتمل مسجد ہوگی جس میں بیک وقت 500 افراد باجماعت نماز ادا کر سکیں گے۔مدرسہ ضیاء العلوم کے ناظم و بانی اور مسجد ابرار کے ذمہ دار حضرت مولانا محمد ضیاء الدین صاحب قاسمی نے اپنے مختصر خطاب میں مدرسہ کی 22 سالہ اجمالی تاریخ رکھنے کے ساتھ ساتھ اہل دل اور اہل خیر حضرات سے مسجد کی تعمیر و ترقی کے سلسلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی گزارش کی ہے انہوں نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اس مسجد کی تعمیر سے نہ صرف مدرسہ ضیاء العلوم کے طلبہ و مدرسین کےلیے نمازوں بالخصوص جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے لیےآسانی پیدا ہوگی بلکہ مریا ٹالی گمٹی سے ریام تک جانے والی شاہراہ سے گزرنے والے ہر مومن مسلمان مرد و خواتین کے لیے مسجد کا دروازہ کھلا رہے گا تاکہ لوگ باسانی اپنی نماز ادا کر سکیں۔
دستار بندی اور سنگ بنیاد کے مشترکہ پروگرام کے ناظم اجلاس مولانا محمد بختیار ثاقب قاسمی نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مدرسہ میں ہی ظہر کی نماز کے بعد تمام ہی مہمانوں کے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا.
Comments are closed.