صفا ہائی اسکول کے ۱۲؍سال کے کم سن حافظ نے ایک دن میں مکمّل قرآن حفظ سنایا

ممبئی(وکیل مظاہری)
حافظ احمد ابن ڈاکٹر فیضان بھوئیرا(عمر۱۲ سال) درجہ ہفتم میں زیرِ تعلیم ہیں، بلا شبہ قرآن حکیم ، اللہ ربّ العالمین کا ایسا معجزہ ہے جو تا قیامت باقی رہنے والا ہے جس کی حفاظت کا ذمّہ خود خالقِ کائنات نے لے رکھا ہے ،اور اسی نے حفاظتِ قرآن کے لیے بہترین ذریعہ حفّاظِ قرآن کے سینوں کو بنایا ہے ،بلا شبہ اس عظیم کتاب کا حفظ کرادینا بھی اس کا خاص فضل و انعام ہے ۔
صفا ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج شہرِ ممبئی کاایک ممتاز تعلیمی ادارہ ہے جہاں عصری علوم کے ساتھ اسلامی ماحول میں طلبہ کو تجوید کے ساتھ قرآن حکیم کی بھی تعلیم دی جاتی ہے نیز چنندہ طلبہ حفظِ قرآن بھی کر لیتے ہیں،اسی ادارے کے درجہ ہفتم کے طالب علم حافظ احمد ابن ڈاکٹر فیضان بھوئیرانے بروز بدھ ۲۶ فروری ۲۰۲۵ایک دن میں مکمّل قرآن حفظ سنایا، صبح پونے ۸ بجے سنانا شروع کیا اور عشاء کے وقت آخری سورتوں کی تلاوت سے فارغ ہوگئے،اس دوران نماز،ناشتہ،کھانے وغیرہ کے لیے وقفہ ہوتا رہا،اس طرح تقریبا کل ۱۲ گھنٹے میں تکمیل ہوئی۔
صفا اسکول ہی کے سابق حفّاظ طلبہ مفتی طیبانی عبد اللہ مظاہری اور مفتی موسانی احمد نے اس ننھے حافظ کی تلاوتِ قرآن کی سماعت کی اور طالب علم کے حافظے پر مکمّل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کے اساتذہ و ذمّہ داران کو ان عظیم خدمات کے لیے مبارک باد پیش کیں۔
ادارے کے شعبہء حفظ کے ذمّہ دار مولانا شاہ نواز خان نےصفا اسکول کے حفّاظ طلبہ کی ایک دن میں پورا قرآن سنانے کی ترتیب کے اہتمام کی وجہ یہ بتلائی کہ اس سے دیگر زیرِ تعلیم طلبہ نیز دیگر اداروں کے طلبہ کو بھی حوصلہ و ترغیب ملتی ہے نیز وہ اپنا ٹارگٹ بناتے ہیں کہ قرآن کو ہمیں اس قدر پختہ یاد کرنا ہے کہ ایک دن میں مکمّل قرآن سنا سکیں۔چنانچہ اس کا نتیجہ یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ اب تک صفا اسکول کے پندرہ ۱۵ ؍حفّاظ نے ایک دن میں مکمل قرآن سنایا ہے اور ۱۱۲ ؍ایک سو بارہ طلبہ نے عصری علوم کے ساتھ حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کر لی ہے۔
تکمیلِ قرآن کی بابرکت نسبت سے بعد ختم قرآن رقّت آمیزدعا ہوئی ،اس روحانی مجلس میں اساتذہ کےعلاوہ ان کےوالدین،رشتہ دار وغیرہ شریک ہوئے۔
مرحوم شیخ شہاب الدّین (اللہ ان کی مغفرت فرمائے) کا قائم کردہ یہ ادارہ اس وقت ٹرسٹیان محترمہ عشرت شہاب الدّین شیخ،مولانا محمود احمد خان دریابادی،عمیر شیخ، اور موٹر والا سلیم کی سرپرستی میں قوم کے نو نہالوں کی تعلیم و تربیت کا مرکز بنا ہوا ہے۔
Comments are closed.