حضرت مولانا شاہ قادری مصطفی رفاعی ندوی کا انتقال ملت اسلامیہ کا عظیم خسارہ ہے: جنرل سکریٹری بورڈ

نئی دہلی : 27؍فروری
مشہور دینی وعلمی اور روحانی شخصیت حضرت مولانا شاہ قادری مصطفی رفاعی جیلانی ندوی صوبہ کرناٹک کے مشہور ومعروف عالم دین، درجنوں کتابوں کے مصنف اور بیشمار اداروں کے سرپرست دارالعلوم ندوۃ العلماء کے رکن انتظامی، آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے رکن تاسیسی اور ملی کونسل جیسے ادارہ کے اہم ذمہ دار کا انتقال بلا شبہ ملت اسلامیہ ہندیہ کیلئے عظیم خسارہ ہے، ان خیالات کا اظہار جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ حضرت مولانا محمد فضل الرحیم مجددی صاحب نے اپنی تعزیتی بیان میں کیا، جنرل سکریٹری بورڈ نے اپنے اس بیان میں مزید کہاکہ مولانا رفاعی صاحب بڑے سادہ تھے ان کے نزدیک ملت کی فلاح مقدم تھی وہ ملت کی ہر خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے، انہوں نے کبھی اپنی بیماری واعذاری کو ملی کاموں میں حائل نہیں ہونے دیا۔
جنرل سکریٹری بورڈ نے یہ بھی کہا کہ جب بھی انہیں کوئی کام دیاجاتا وہ اسکو پوری طرح اپنے اوپر اوڑھ لیا کرتے تھے اور جب تک اس کام کو مکمل نہ کرلیتے چین سے نہ بیٹھتے، آپ کی بڑی خوبیوں میں ایک اہم خوبی ان کی سادگی تھی اور اسی سادگی ومحبت کے ساتھ پورے ملک کا دورہ کرتے اور اپنے اصلاحی پروگرام کے ذریعہ ملت کو بیدار کرنے کا کام پوری زندگی کرتے رہے۔
آپ نے فرمایاکہ وہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے پروگراموں میں سرگرم حصہ لیتے اور اسکی میٹنگوں میں پابندی کے ساتھ شرکت فرماتے اور اپنے تجربات کی روشنی میں مفید مشورے بھی پیش کرتے، یقینا ان کی جدائیگی ملت کیلئے بڑا خسارہ ہے، اللہ رب العزت مرحوم کی مغفرت فرمائے اور درجات بلند کرے۔
Comments are closed.