سخت سیکیورٹی انتظامات کے درمیان ملک بھر میں اے ایم یو کے انڈرگریجویٹ کورسز کے داخلہ امتحانات کا انعقاد

 

علی گڑھ، 13 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے آج مختلف انڈرگریجویٹ کورسز کے داخلہ امتحانات ملک بھر کے تمام متعین سینٹرز پر کڑے سیکیورٹی انتظامات کے درمیان منعقد کیے۔ مرکزی کیمپس علی گڑھ سمیت تمام سینٹرز پر امتحانات پرامن اور شفاف طریقے سے مکمل ہوئے۔

صبح کے سیشن میں بی ایس سی (آنرز) زراعت، بی ایس سی (آنرز) اور بی کام کورسز کے داخلہ امتحانات منعقد کیے گئے، جبکہ بی اے کا داخلہ امتحان شام کے سیشن میں لیا جا رہا ہے۔ ان کورسز کے لیے کل 23,136 امیدواروں نے درخواست دی تھی۔ امتحانات ملک بھر کے سات سینٹرز — علی گڑھ، گوہاٹی، کولکاتا، لکھنؤ، پٹنہ، سری نگر اور کوزی کوڈ میں منعقد کیے گئے۔

ٍ موصولہ اعداد و شمار کے مطابق، بی ایس سی (آنرز) زراعت کے لیے 717 امیدواروں نے درخواست دی تھی، جن میں سے 549 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔ بی ایس سی (آنرز) کے لیے 10,861 درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور 9,119 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔ اسی طرح بی کام کے لیے 3,948 امیدواروں نے درخواست دی تھی، جن میں سے 3,449 امیدوار امتحان میں شامل ہوئے۔ شام کے سیشن میں ہونے والے بی اے کے داخلہ امتحان میں تقریباً 7,610 امیدواروں کے شرکت کرنے کی امید ہے۔

علی گڑھ کے امتحانی سینٹرز پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، جن میں میٹل ڈِٹیکٹر کا انتظام کیا گیا تھا۔ امتحان گاہ میں داخل ہونے سے قبل امیدواروں کی تلاشی لی گئی، تاکہ کسی بھی غیر مجاز مواد کے داخلے کا امکان نہ رہے۔ امیدواروں نے اس اقدام کی تعریف کی اور یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔

اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی اور اسکولس کے ڈائریکٹر پروفیسراسفر علی خان نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ ان میں آرٹس فیکلٹی، سوشل سائنس فیکلٹی، زیڈ ایچ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، یونیورسٹی پالی ٹیکنک (بوائز)، اورد یگر مراکز شامل تھے۔

کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر مجیب اللہ زبیری نے امتحان کے پرامن انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میٹل ڈٹیکٹروں کا انتظام شفافیت اور سیکیورٹی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر اساتذہ کو مختلف سینٹرز پر نگراں کے طور پر مقرر کیا گیا تھا، جبکہ علی گڑھ سے باہر کے سینٹرز پر بعض اساتذہ کو کوآرڈینیٹر کے طور پر مقرر کیا گیا تاکہ امتحان پرامن اور منظم طریقے سے مکمل ہو۔

یونیورسٹی کی نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) یونٹ نے امیدواروں اور ان کے سرپرستوں کی مدد کے لیے ہیلپ ڈیسک لگائے، جہاں رضاکاروں کے ذریعے رہنمائی کی سہولت فراہم کی گئی۔ امتحانی سینٹرز کے باہر انتظار کرنے والے سرپرستوں کے لیے خیموں اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کا انتظام بھی کیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ آئندہ اہم داخلہ امتحانات اتوار، 20 اپریل کو بی ٹیک/بی آرک کے لیے اور 27 اپریل کو درجہ 11 (سائنس)/ڈپلومہ ان انجینئرنگ، درجہ 11 (ہیومینیٹیز اینڈ کامرس) اور ایس ایس ایس سی (برج کورس) کے لیے منعقد کیے جائیں گے۔

Comments are closed.