بینی پٹی بلاک علماء کرام کی اہم میٹنگ، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایت کے مطابق تحریک اوقاف میں حصہ لینے کا عزم

بینی پٹی، مدھوبنی (عنایت اللہ ندوی) مدرسہ اصلاح المسلمین بینی پٹی مدھوبنی کے مہمان خانے میں آج بینی پٹی بلاک حلقہ کے علماء کرام کی ایک اہم نشست منعقد ہوئی، اس نشست کی صدارت مدرسہ اصلاح المسلمین بینی پٹی مدھوبنی کے پرنسپل مولانا محمد نوراللہ نے کی، اس موقع پر مقامی علمائے کرام نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے زیراہتمام چلائے جارہے تحریک اوقاف کی بھرپور تائید کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب مدظلہ العالی، جنرل سیکریٹری حضرت مولانا فضل الرحیم مجددی صاحب ،نائب صدور حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب، حضرت مولانا عبیداللہ خان اعظمی صاحب، جناب سید سعادت اللہ حسینی صاحب، بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر قاسم رسول الیاس صاحب سمیت بورڈ کے تمام ذمہ داران و اراکین کی تحریک اوقاف کے سلسلے میں انتھک جدوجہد اور بے لوث خدمات کی ستائش کی، گذشتہ دنوں تالکٹورا اسٹیڈیم میں منعقدہ تحفظ اوقاف کانفرنس سے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کے اس بیان کہ آج جو شیروانی پہن کر آئے ہیں ضرورت پڑنے پر وہ کفن پہننے کو بھی تیار ہیں، اس بیان کو حوصلہ بخش بتاتے ہوئے کہا کہ اس بیان نے امت مسلمہ میں ایک نیا جوش نیا جذبہ پیدا کیا ہے، یہ بیان ان لوگوں کے منہ پر زبردست طمانچہ ہے جو ہر وقت یہ کہتے ہیں کہ مسلم قیادت بانجھ ہوچکی ہے، علمائے کرام نے متفقہ طور پر کہا کہ مولانا کے اس بیان نے امت مسلمہ ہندیہ کو روشنی کی نئی کرن دکھائی ہے اور اب اس وقت پورے ملک کا مسلمان نئے جوش و جذبے کے ساتھ تحریک اوقاف میں حصہ لے رہا ہے، مقامی علماء کرام نے اس نشست میں اس بات کا عزم کیا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی قیادت کی جانب سے جو بھی ہدایت ملے گی ہم لوگ بے چوں چرا اس پر عمل کرین گے اور تحریک اوقاف میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے،
اس میٹنگ میں بینی پٹی بلاک کے سینئر عالم دین اور دارالعلوم وقف دیوبند کے سابق استاذ مولانا رضوان قاسمی، مولانا جاوید اختر حلیمی، حافظ سہیل احمد، مولانا محمد شاہد قاسمی، قاری مبین جامی، مولانا شاہد جمیل قاسمی، مولانا مفتی ارشد قاسمی، مولانا مظہر قادری، مولانا عزیز، مولانا عنایت اللہ ندوی، مولانا نصراللہ قاسمی، حافظ صدام کے علاوہ دیگر علماء و حفاظ موجود تھے، نشست کا اختتام مکہ مکرمہ میں مقیم نوجوان عالم دین مولانا مفتی محمد انس عباد صدیقی قاسمی کی رقت آمیز دعا پر ہوا.
Comments are closed.