بہوگنا جی کا وژن آج بھی رہنمائی کرتا ہے: وزیراعلٰی

 

بہوگنا کی کابینہ میں وزیر رہے عمار رضوی نے بھی خراج عقیدت پیش کیا

 

بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری)معروف مجاہدِ آزادی، سابق وزیر اعلیٰ اتر پردیش، اور عظیم عوامی قائد شری ہیم وتی نندن بہوگنا کی جینتی کے موقع پر آج یوجنا بھون، لکھنؤ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز اُن کی مورتی پر گلپوشی سے ہوا، جس میں ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شرکت کی اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہیم وتی نندن بہوگنا نے اصولوں اور اقدار پر مبنی سیاست کا ایک ایسا معیار قائم کیا جو آج کے وقت میں بھی رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ اُن کی سیاسی زندگی عوامی خدمت، دیانت داری اور سادگی کی روشن مثال تھی۔ اُن کے نظریات اور افکار آج بھی اتنے ہی اہم اور مربوط ہیں جتنے اُس دور میں تھے۔

تقریب میں بہوگنا جی کی دختر، سابق وزیر اور رکن پارلیمنٹ ریتا بہوگنا جوشی بھی موجود رہیں، جنہوں نے اپنے والد کی عوامی خدمات اور اصولی سیاست کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ بہوگنا جی کی وراثت عوامی خدمت، قربانی اور ایمانداری پر مبنی ہے، جسے ہم سب کو اپنانا چاہیے۔

اس موقع پر سابق کارگزار وزیر اعلیٰ، سینئر بی جے پی رہنما، اور بہوگنا کابینہ کے سابق رکن ڈاکٹر عمار رضوی نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا ہیم وتی نندن بہوگنا ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں ان کی محض بارہ رکنی کابینہ میں بطور وزیر شامل رہا۔ ان کی قیادت میں کام کرنا میرے سیاسی سفر کا روشن باب رہا۔ وہ صرف ایک سیاستدان نہیں، بلکہ اصولوں کے محافظ، عوام کے سچے خیر خواہ، اور جدوجہد کی علامت تھے۔ اُن کا وژن آج کی نسل کے لیے رہنمائی کا چراغ ہے۔

ڈاکٹر رضوی نے مزید کہا کہ بہوگنا کی سیاسی وراثت کو محض یاد کرنا کافی نہیں بلکہ اس پر عمل پیرا ہونا وقت کا تقاضا ہے۔

تقریب میں ریاستی وزراء، اعلیٰ افسران، دانشوران، سیاسی و سماجی شخصیات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے اس عظیم شخصیت کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

Comments are closed.