مولانا آفتاب اظہر صدیقی کی قیادت میں مجلس احرار اسلام صوبہ بہار کا پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے خلاف احتجاج

کشن گنج 25 اپریل (پریس ریلیز) مجلس احرار اسلام صوبہ بہار کے جنرل سکریٹری مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے آج صوبہ بہار کے دفتر کے سامنے پہلگام میں دہشت گردی حملے کے خلاف احتجاج درج کرایا۔ اس احتجاج میں مجلس کے ضلعی ممبران صدام شیخ، عامر شیخ، انوار الحق، تصور عالم اور دیگر کارکنان نے شرکت کی۔
مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلگام میں ہونے والا دہشت گردی حملہ ایک انتہائی قابل مذمت فعل ہے جس نے نہ صرف ملک کی سکیورٹی کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھائے ہیں بلکہ مسلمانوں اور عام شہریوں کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان حملوں کے پس پردہ عوامل کو بے نقاب کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور اس کا مقصد صرف انسانیت کو نقصان پہنچانا ہوتا ہے۔ مجلس احرار اسلام ہمیشہ انسانیت کی خدمت اور امن کے قیام کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہی ہے اور آج بھی اس موقف پر قائم ہے۔
اس موقع پر موجود دیگر رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے اور دہشت گردوں کے خلاف موثر اقدامات کیے جائیں۔
یہ احتجاج مجلس احرار اسلام صوبہ بہار کی جانب سے امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم کا اظہار تھا۔
Comments are closed.