پہلگام حملہ: ملک سوگوار، وزیر اعظم ریلی میں مصروف : ڈاکٹر افروز عالم کی کڑی تنقید کہا راہل گاندھی سے سبق لیں

 

جالے:(محمد رفیع ساگر)

جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دل دہلا دینے والے دہشت گرد حملے میں 26 بے گناہ افراد کی شہادت پر ملک بھر میں رنج و غم کی فضا چھائی ہوئی ہے۔ ایسے نازک موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی بہار کے مدھوبنی ضلع میں انتخابی ریلی میں مصروف رہے، جس پر کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر افروز عالم نے سخت تنقید کی ہے۔

 

ڈاکٹر افروز عالم نے کہا، وزیر اعظم کو خود پہلگام جا کر متاثرین سے ملاقات کرنی چاہئے تھی، لیکن وہ انتخابی ماحول سے باہر نکلنے کو تیار نہیں۔ انہیں راہل گاندھی سے سبق لینا چاہئے، جنہوں نے اپنا امریکہ کا مجوزہ دورہ رد کر کے پہلگام پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور ان کے درد میں شریک ہوئے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ یہ وقت سیاسی ریلیوں کا نہیں بلکہ قوم کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔ جب ملک کا دل زخمی ہو، تب قومی قیادت کا کردار زخموں پر مرہم رکھنے والا ہونا چاہئے، نہ کہ جلسوں میں نعرے لگوانے والا۔

 

ڈاکٹر افروز عالم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کرائی جائے، سیکیورٹی کی ناکامیوں کی جانچ ہو، اور شہداء کے خاندانوں کو بھرپور مالی و اخلاقی مدد دی جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ امن، اتحاد اور صبر کے ساتھ اس نازک گھڑی کا سامنا کریں۔

Comments are closed.