منکولی سے سوشل سائٹ پر پستول و دیسی کٹہ کی نمائش کرنے والا نوجوان گرفتار، 5 افراد پر آرمس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج

 

جالے:(محمد رفیع ساگر)

سنگھواڑہ تھانہ کی پولیس نے منکولی پنچایت کے سیرہا ٹول کے رہائشی گڈو کمار کو سوشیل میڈیا پر پستول کی نمائش کے الزام میں گرفتار کر کے عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ تھانہ صدر رنجیت چودھری نے گاؤں کے نیتیش پاسوان کے دروازے پر خود بیان درج کراتے ہوئے بتایا کہ 28 اپریل کو دن کے تقریباً ساڑھے گیارہ بجے واٹس ایپ اور دیگر سوشیل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہا تھا، جس میں پانچ مشتبہ نوجوانوں کو ایک دیسی کٹہ اور پستول لہراتے دیکھا جا رہا ہے۔

 

وائرل ویڈیو اور فوٹو کے تناظر میں چوکیداری پریڈ کے دوران تفتیش کی گئی، تو منیکولی مہال کے چوکیدار کیلاش پاسوان نے جانچ کے بعد ویڈیو میں موجود پستول لہرانے والے تین نوجوانوں کی شناخت گڈو کمار، نیتیش پاسوان اور سنیل کمار پاسوان کے طور پر کی۔ باقی دو مشتبہ افراد کی شناخت کے لیے چوکیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔

 

اس سلسلے میں ایک سنہا درج کرتے ہوئے جانچ و تصدیق کے لیے تربیتی داروغہ وکرانت کمار، چوکیدار کیلاش پاسوان، گشتی افسر سب انسپکٹر کمليش مشرا اور پولیس ٹیم نے گاؤں شیرہا ٹول میں ان کے گھروں پر چھاپہ ماری کی، مگر سبھی نامزد ملزمان فرار پائے گئے۔ تلاشی کے دوران کسی بھی قسم کا قابل اعتراض مواد برآمد نہیں ہوا۔ آس پاس کے لوگوں سے پوچھ تاچھ پر معلوم ہوا کہ ان نوجوانوں کی جانب سے غیر قانونی اسلحے کی نمائش کے باعث عوام میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔

 

پولیس نے ویڈیو کلپ اور فوٹو کو پین ڈرائیو میں محفوظ کرتے ہوئے اس کی ہیش ویلیو نکالی اور بھارتی شواہد ایکٹ کی دفعہ 63 (4)(گ) کے تحت اس کی توثیق کی۔ جان بوجھ کر غیر قانونی اسلحہ کی نمائش کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا آرمس ایکٹ کی دفعہ 25 (9) کے تحت قابل سزا جرم ہے۔

Comments are closed.