بتی گل کا پروگرام غیر معمولی کامیابی سے ہمکنار، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مسلمانوں اور بردران وطن کا شکریہ ادا کیا

 

نئی دہلی، یکم مئی (پریس ریلیز)

الحمد اللہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی تحریک پر ’’بتی گل‘‘ کا پروگرام ( 30؍اپریل 2025) غیر معمولی طور پر کامیاب رہا۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان و تحفظ اوقاف مہم کے کنوینر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے کہا ’’ پورے ملک سے جو خبریں موصول ہوئی ہیں وہ بڑی ہی حوصلہ افزاء ہیں۔ نہ صرف مسلم محلوں میں گھروں، دکانوں، کارخانوں، بازار اور کاروباری مراکز میں 15 منٹ تک مکمل بلیک آؤٹ رہا بلکہ برادران وطن نے بھی اس میں شرکت کرکے مسلمانوں کے ساتھ اتحاد و یکجہتی کا غیر معمولی مظاہرہ کیا۔ یہاں تک کہ مساجد میں بھی عین عشاء کی نماز کے وقت لائٹ آف رہی۔ کیا شیعہ کیا سنی، کیا دیوبندی کیا بریلوی، بتی گل کے پروگرام میں سب کی مکمل شمولیت رہی۔ بعض وہ لوگ بھی جو اس علامتی پروگرام کے معترض تھےلیکن ملت کے اتحاد و یکجہتی کی خاطر اس مظاہرہ میں شامل ہوکر’’پیوستہ رہ شجر سے، امید بہار رکھ‘‘ کا منظر پیش کیا۔

بلیک آؤٹ کےاس مظاہرہ نے مرکزی حکومت کو بھی ایک واضح پیغام دیا ہے۔ جن حاشیہ برداروں اور کرایے کے ٹٹوؤں کے ساتھ وہ اچھل کود کررہی تھی، ان کی حقیقت اور حیثیت بھی اس پر عیاں ہوگئی۔اب بھی وقت ہے کہ حکومت اپنی فاش غلطی کا اعتراف کرلے اور ان سیاہ، تفریق پر مبنی اور دستور کے بنیادی حقوق و اسپرٹ سے متصادم ترمیمات کو واپس لے کر ذمہ دار حکومت ہونے کا ثبوت دے۔

انہوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے پوری امت مسلمہ ہندیہ ، ملک کے اقلیتی طبقات، سول سوسائٹی موومنٹس، دلت، آدی باسی اور او بی سی طبقات کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا کہ ان تمام حضرات و خواتین اور نوجوان دوستوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے غیر معمولی محنت و جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، جس کے خوشگوار اثرات و نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے کہا ’’مجھے یقین ہے کہ آئندہ بھی آپ بورڈ کی آواز پر لبیک کہتے رہیں گے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ وقف قانون میں کی گئیں یہ غیرقانونی اور دستور مخالف ترمیمات واپس نہیں لے لی جاتیں‘‘۔

ڈاکٹر الیاس نے مسلمانوں سے کہا آپ کے جن غیر مسلم دوستوں اور احباب نے اس پروگرام میں حصہ لیا ان کا شکریہ ضرور ادا کریں۔

Comments are closed.