دربھنگہ میں شادی شدہ خاتون کی مشتبہ موت، شوہر پر قتل کا الزام، پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار

جالے(محمد رفیع ساگر) لہیریا سرائے تھانہ علاقہ کے بلبھدر پور این پی مشرا چوک میں واقع ایک مکان میں شادی شدہ خاتون پریتی جھا کی لاش ان کے کمرے میں پلنگ سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ متوفیہ کی عمر 40 سال بتائی گئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا گیا۔ جائے واردات پر ایف ایس ایل کی ٹیم نے بھی پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔
پریتی کے گلے پر رسی کے نشان ملے ہیں جس پر اہل خانہ نے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ متوفیہ کے والد نے داماد سنتوش جھا پر قتل کا الزام لگاتے ہوئے پولیس کو تحریری شکایت دی ہے اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ پریتی کے چچا راجیش چودھری نے بتایا کہ جب وہ موقع پر پہنچے تو لاش پلنگ پر پڑی تھی، جبکہ کمرے میں کوئی رسی نظر نہیں آئی۔ ان کا کہنا ہے کہ خودکشی کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔
اہل خانہ کا الزام ہے کہ سنتوش جھا شراب کے عادی تھے اور اکثر جائیداد بیچ کر شراب نوشی کرتے تھے۔ میاں بیوی میں آئے دن جھگڑے ہوتے تھے۔ دو بچوں کے خاطر پریتی سمجھوتہ کر کے زندگی گزار رہی تھیں۔ ان کی ایک بیٹی 16 سال اور بیٹا 9 سال کا ہے۔ دونوں کی شادی کو 19 سال گزر چکے تھے۔
ادھر، واقعہ کی خبر ملتے ہی لہیریا سرائے تھانہ کے تھانہ انچارج راجکمار سنگھ پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ صدر ایس ڈی پی او امیت کمار نے بھی جائے واردات پر پہنچ کر مقامی لوگوں سے پوچھ گچھ کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔ تفتیش جاری ہے۔
Comments are closed.