ممتاز پی ، جی، کالج میں لیب اسسٹنٹ وقار احسن کے انتقال پر تعزیتی نشست

 

لکھنٶ(ابوشحمہ انصاری)ممتاز پی، جی،کالج، لکھنؤ کے سائنس فیکلٹی سے وابستہ سینئر لیب اسسٹنٹ وقار احسن کے اچانک انتقال پر ادارے کا ہر فرد غم سے نڈھال ہے۔ مرحوم ایک بااخلاق، محنتی اور فرض شناس شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنی نرم مزاجی، خوش گفتاری اور مخلصانہ خدمت سے طلبہ، اساتذہ اور اسٹاف کے دلوں میں ایک خاص مقام بنایا تھا۔

ان کی یاد میں آج صبح ساڑھے دس بجے کالج کے اسٹاف روم میں ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں پرنسپل پروفیسر نسیم احمد خان، اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نشست کا آغاز مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا اور فاتحہ خوانی سے ہوا۔

پرنسپل پروفیسر نسیم احمد خان نے اپنے تعزیتی کلمات میں کہا کہ وقار احسن ایک سچے، وفاشعار اور نیک سیرت انسان تھے جن کا خلا ہمیشہ محسوس کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔

اس موقع پر کالج کے پراکٹر پروفیسر محمد سلمان خان نے مرحوم کے لیے ایصالِ ثواب کی دعا کرائی اور کہا کہ جناب وقار احسن کی خدمات، خلوص اور تعاون کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔ وہ ایک باکمال رفیقِ کار اور نیک دل انسان تھے۔

نشست کا اختتام دو منٹ کی خاموشی اور اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا، جس میں سبھی شرکاء نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر کے لیے دعا کی۔

Comments are closed.