بین اضلاع جرائم پیشہ گینگ کے 2 شاطر دربھنگہ میں گرفتار، لوڈیڈ پستول،6 زندہ کارتوس، 4 موبائل اور ڈھائی لاکھ نقدی برآمد

یونیورسٹی تھانہ پولیس کی کارروائی میں پٹنہ کے 2 شاطر جرائم پیشہ پولیس کی ہتھے چڑھے
جالے (محمد رفیع ساگر/ بی این ایس)
یونیورسٹی تھانہ حلقہ میں پولیس کو بڑی کامیابی اس وقت ملی جب سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جگو ناتھ ریڈی جلا ریڈی کی ہدایت پر چلائی جا رہی چھاپہ ماری مہم کے دوران دو بین الاضلاع جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے ایک پستول،1 میگزین ،6 زندہ کارتوس، 4 اینڈرائڈ موبائل فون اور ڈھائی لاکھ روپے نقدی برآمد کی گئی۔
تھانہ کے انسپکٹر انچارج سدھیر کمار نے میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 28 جون کو رات کے وقت پولیس کو اطلاع ملی کہ دہلی موڑ کے قریب ڈائمنڈ کمپلیکس میں واقع بینک آف بڑودہ کے نیچے "آرین ڈیولپرس پرائیویٹ لمیٹیڈ” کے دفتر میں دو مشتبہ افراد موجود ہیں۔ اطلاع کی بنیاد پر فوری کارروائی کرتے ہوئے یونیورسٹی تھانہ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کیا اور دفتر پر چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران ایک لوڈیڈ پستول، جس میں 6 زندہ کارتوس موجود تھے، برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ چار عدد اینڈرائڈ موبائل فون اور تقریباً ڈھائی لاکھ روپے نقدی بھی ضبط کی گئی۔ پولیس نے موقع سے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا، جن کی شناخت محمد نور عرف لال بابو، ولد مرحوم محمد کلیم، ساکن لہیار چک، گنپورہ، تھانہ پھلواری شریف، ضلع پٹنہ، اور محمد فرحان، ولد محمد عرفان، ساکن ایشوپور پرانی مسجد، تھانہ پھلواری شریف، ضلع پٹنہ کے طور پر کی گئی ہے۔
یونیورسٹی تھانہ میں اس سلسلے میں دفعات 25۔(1-B)A، 26، 35 آرمس ایکٹ کے تحت معاملہ 25/155 درج کیا گیا ہے اور ملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ پولیس نے پٹنہ ضلع پولیس سے بھی رابطہ قائم کر کے دونوں ملزمان کے خلاف سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی تفصیلات حاصل کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
کارروائی میں انسپکٹر کم تھانہ انچارج سدھیر کمار کے علاوہ ٹرینی داروغہ دھیرندر کمار گپتا، ٹرینی داروغہ نوشاد انصاری، ابھیشیک کمار مانجھی، کانسٹیبل منیش کمار (بیلٹ نمبر 691) اور دھرمیندر کمار پنا (بیلٹ نمبر 1451) شامل تھے۔
Comments are closed.