ٹر یکٹر کے پہیے سے کچل کر 12 سالہ بچے کی موت، خاندان میں کہرام

جالے (محمد رفیع ساگر/ بی این ایس)
سنگھواڑہ نگر پنچایت میں مٹی بھرائی کے دوران ایک دردناک حادثے میں 12 سالہ بچہ ٹریکٹر کے پہیے کے نیچے آکر ہلاک ہو گیا۔ واقعہ سنگھواڑہ تھانہ حلقہ کے تحت وارڈ نمبر 8 میں پیش آیا، جہاں مٹی بھرائی کا کام جاری تھا۔
متوفی کی شناخت دیپک شرما کے بیٹے کشن کمار کے طور پر کی گئی ہے، جو تین بھائیوں میں سب سے بڑا تھا اور قریبی ایک نجی اسکول میں چوتھی جماعت میں زیر تعلیم تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹریکٹر کو پیچھے کیا جا رہا تھا اور کشن کمار اس کی زد میں آ گیا۔ ٹریکٹر کا پہیہ سیدھا اس کے سینے پر چڑھ گیا، جس کے بعد اسے شدید زخمی حالت میں فوری طور پر سنگھواڑہ سی ایچ سی لے جایا گیا۔ وہاں سے ڈاکٹروں نے بہتر علاج کے لیے ڈی ایم سی ایچ دربھنگہ ریفر کر دیا، لیکن راستے میں ہی اس نے دم توڑ دیا۔
حادثے کے بعد ٹریکٹر کا ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ متوفی کے والد نے بتایا کہ ٹریکٹر کی شناخت کر لی گئی ہے اور پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ پولیس معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔
ادھر بیٹے کی موت کی خبر سنتے ہی ماں گڑیا دیوی غم سے نڈھال ہو کر بے ہوش ہو گئیں، جبکہ دادی کانتی دیوی اور دیگر رشتہ دار بین کرتے ہوئے دھاڑیں مار مار کر رونے لگے۔ کشن کے دو ننھے بھائی ابھیمنیو اور دیپیش سب کچھ سمجھنے سے قاصر تھے، لیکن ماحول دیکھ کر وہ بھی بلک بلک کر رونے لگے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پنچایت نمائندے انیل مہاراج، پربھات جھا سمیت کئی معزز افراد متاثرہ خاندان کے گھر پہنچے اور پسماندگان کو تسلی دینے کی کوشش کی۔
Comments are closed.