کالج جا رہی طالبہ کا اغوا، سہیلی اور دو بھائیوں پر شک، پولیس نے چھاپہ ماری تیز کی

 

جالے (محمد رفیع ساگر/بی این ایس)

سنگھواڑہ تھانہ حلقہ کے ایک گاؤں سے دربھنگہ امتحان دینے جا رہی 19 سالہ طالبہ کے اغوا کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ مغویہ طالبہ کے بھائی نے سنگھواڑہ تھانے میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے سنہ پور گاؤں کے رہائشی راجیو جھا، راہل جھا اور ان کی والدہ مسماۃ ریتا دیوی کو نامزد ملزم بنایا ہے۔

 

درخواست گزار کے مطابق اس کی بہن چار جولائی کو بی اے پارٹ ٹو کا امتحان دینے گھر سے نکلی تھی، لیکن واپس نہیں لوٹی۔ خاندان والوں نے اپنے طور پر تمام رشتہ داروں اور جاننے والوں سے رابطہ کر کے تلاش کی، لیکن کوئی سراغ نہ ملا۔

 

بعد ازاں مغویہ کی سہیلی سے پوچھ گچھ کی گئی، جس نے بتایا کہ دونوں ایک ہی ٹیمپو سے امتحان دینے جا رہی تھیں، لیکن مغویہ طالبہ راستے میں بھڑواڑہ میں اُتر گئی۔ جب اس لڑکی سے مزید پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بتایا کہ اس کے موبائل پر ایک لڑکے کی کال آئی تھی، جس نے کہا تھا کہ مغویہ شام چار بجے تک گھر پہنچ جائے گی، لیکن ایسا نہ ہو سکا۔

 

مغویہ کے اہل خانہ کے مطابق مذکورہ لڑکی نے بعد میں راجیو جھا کا نمبر دیا۔ جب راجیو کے بھائی راہل جھا سے بات کی گئی تو اس نے کہا کہ وہ دونوں کو واپس بھیج رہے ہیں، لیکن کئی دن گزرنے کے بعد بھی طالبہ کا کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے اور نہ ہی اس سے کوئی بات ہو سکی ہے۔

 

ادھر تھانہ صدر رنجیت چودھری نے بتایا کہ لڑکی کی بازیابی کے لیے پولیس مسلسل چھاپے مار رہی ہے۔ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس ہر زاویے سے تفتیش میں مصروف ہے۔

Comments are closed.