آئین کی حفاظت کے لیے بہار کھڑا ہے: رائے دہی کے حق کی حفاظت کے لیے 9 جولائی کے بند کو کامیاب بنائیں ،امارتِ شرعیہ و دیگر ملی تنظیموں کی حمایت

 

(پریس ریلیز)

ہم، امارتِ شرعیہ اور دیگر ملی تنظیموں کی جانب سے، 9 جولائی 2025 بروز منگل، ریاست بہار میں دیے گئے بہار بند کی پُر زور حمایت اور مکمل تائید کا اعلان کرتے ہیں۔ یہ بند ملک کی اہم اپوزیشن جماعتوں بشمول کانگریس (I)، راشٹریہ جنتا دل (RJD)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی ایم ایل) اور دیگر جمہوریت پسند گروہوں کی جانب سے دیا گیا ہے۔

 

یہ احتجاج کسی سیاسی جماعت یا مخصوص حلقے کی حمایت نہیں، بلکہ یہ ایک اجتماعی، آئینی اور جمہوری اقدام ہے، جس کا مقصد آئین ہند کی حفاظت، اور بھارت کے شہریوں کے حقِ رائے دہی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ بہار میں نافذ العمل Special Intensive Revision (SIR) 2025 کی موجودہ شکل نے ریاست کو ایک انتہائی سنگین آئینی بحران کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، جہاں لاکھوں باعزت اور اہل شہریوں کو انتہائی غیر شفاف، مشکوک اور خلافِ ضابطہ طریقوں سے ووٹر لسٹ سے خارج کیا جا سکتاہے۔

 

ہم اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں کہ یہ عمل براہِ راست آئینِ ہند کے دفعات 14 (قانون کی نظر میں مساوات)، 15 (امتیاز سے تحفظ)، 21 (وقار اور قانونی تحفظ کا حق)، اور 326 (حقِ رائے دہی) کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ آئینی دفعات کسی خاص مذہب، طبقے یا جماعت کے لیے نہیں، بلکہ ہر بھارتی شہری کے بنیادی حقوق کی ضامن ہیں۔

 

بغیر کسی نوٹس، سماعت یا مناسب تفتیش کے، شہریوں کو ووٹر لسٹ سے حذف کیا جانا، نہ صرف آئینی اور قانونی ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے، بلکہ جمہوریت میں شہریوں کے اعتماد کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔

 

9/ جولائی 2025 کا بہار بند ایک پرامن، آئینی اور مہذب عوامی احتجاج ہے، جس کے ذریعہ ریاست کے شہری اپنے اس اٹل عزم کا اظہار کریں گے کہ وہ اپنے جمہوری، قانونی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد و متحرک ہیں۔

 

ہم ریاست بہار کے تمام باضمیر شہریوں، تاجروں، طلبہ، مزدوروں، سرکاری و غیر سرکاری ملازمین اور تمام طبقات سے پُر خلوص اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس بند کو مکمل طور پر کامیاب بنائیں، گھروں پر رہیں، کاروبار بند رکھیں، سڑ کوں پر غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، اور اس پُرعزم پیغام کو عام کریں کہ ریاست بہار، اپنے آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

 

آئیے ہم متحد ہو کر یہ پیغام دیں:

 

ہر شہری کی شناخت مقدم ہے، ہر ووٹ کا احترام لازم ہے۔

 

بہار خاموش نہیں بیٹھے گا، آئین کی پامالی پر لب کشائی کرے گا۔

 

تاریخ گواہ رہے گی، کہ 9 جولائی 2025 کو بہار نے آئین کے تحفظ میں فیصلہ کن قدم اٹھایا۔

 

یہ اعلامیہ آئینِ ہند کی بالادستی، جمہوری اصولوں کی بقا، اور شہری حقوق کے تحفظ کے مقدس جذبے کے تحت جاری کیا گیا ہے۔

 

اپیل کنندگان:

امارت شرعیہ (بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ، ومغربی بنگال)

جمعیت علماء ہند بہار(الف)

جمعیت علماء ہند بہار(میم)

ادارۂ شرعیہ

امارت اہلِ حدیث(جمعیۃ اہل حدیث صادق پور ہند)

مجلس علماء و خطباء امامیہ بہار(اہل تشیع)

آل انڈیا مومن کانفرنس

آل انڈیا مسلم مجلسِ مشاورت

Comments are closed.