سیکولر پارٹیوں کو زمینی حقیقتوں پر مبنی فیصلہ لینا ہوگا، صرف مسلم امیدوار دینا کافی نہیں: ذوالفقار احمد

 

جالے (محمد رفیع ساگر)

جالے اسمبلی حلقہ میں آئندہ انتخابات کے پیش نظر سیاسی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے بھاکپا (مالے) کے سینئر لیڈر اور دوگھرا کے سابق سرپنچ ذوالفقار احمد نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیکولر پارٹیوں کو صرف نمائندگی کی سیاست سے آگے بڑھ کر زمینی سچائیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے امیدوار طے کرنا چاہیے۔

 

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پچھلے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے مشکور عثمانی کو ٹکٹ دیا تھا، لیکن وہ بی جے پی کے جیویش کمار سے الیکشن ہار گئے، جو آج بہار حکومت میں کابینی وزیر ہیں۔ اس حقیقت کو نظر انداز کرنا ایک بڑی سیاسی بھول ہوگی۔

 

ذوالفقار احمد نے کہا کہ صرف مسلم امیدوار دینا کسی بھی حلقہ کی جیت کی ضمانت نہیں ہو سکتی، خاص طور پر جب بی جے پی جیسے مضبوط اور منظم پارٹی کا سامنا ہو۔ انہوں نے سیکولر پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ مذہبی یا جذباتی نمائندگی کے بجائے ایسے امیدوار کو ٹکٹ دیں جو عوامی مقبولیت رکھتا ہو، سیاسی طور پر مستحکم ہو اور جو جیویش کمار جیسے طاقتور امیدوار کا مؤثر مقابلہ کر سکے۔

 

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ماضی کی غلطی دہرائی گئی، تو اس کا نقصان پورے سیکولر اتحاد کو ہو سکتا ہے۔ اس لیے دور اندیشی اور سیاسی فہم و فراست کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر پہلو پر غور کرنا ناگزیر ہے۔

Comments are closed.