صاحب استطاعت افراد فریضۂ حج میں تاخیر نہ کریں: مولانا محمد شبلی القاسمی

 

پٹنہ، 26 جولائی 2025 (پریس ریلیز)

امارت شرعیہ کے ناظم حضرت مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے ملک بھر کے ائمہ مساجد اور خطباء کرام سے پرخلوص اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ جمعہ کے خطبات میں فریضۂ حج کی عظمت، اہمیت اور فضیلت کو موضوعِ گفتگو بنائیں، اور صاحبِ استطاعت افراد کو اس اہم شرعی فریضے کی جانب متوجہ کریں۔

مولانا شبلی صاحب نے اس بات پر زور دیا کہ حج 1447ھ (مطابق 2025-2026ء) کے لیے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے آن لائن درخواستیں جمع کرنے کا عمل جاری ہے، اور اس کی آخری تاریخ 31 جولائی 2025 مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ائمہ و خطباء کرام کی کوششوں سے متعدد افراد نے فریضۂ حج ادا کیا، جو یقیناً لائقِ تحسین ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران ملک میں حجاج کرام کی تعداد میں قابلِ ذکر کمی واقع ہوئی ہے، حالانکہ ہزاروں ایسے صاحبِ استطاعت افراد موجود ہیں جن پر حج فرض ہے؛ لیکن وہ مناسب رہنمائی اور بیداری نہ ہونے کی وجہ سے اس اہم عبادت کی جانب متوجہ نہیں ہو پا رہے ہیں۔

مولانا شبلی القاسمی نے کہا کہ امارت شرعیہ ہمیشہ سے دینی فرائض و شعائر کے تعلق سے ملت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتی رہی ہے، اور آئندہ بھی یہ سلسلہ ان شاء اللہ جاری رہے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس بیداری مہم کے نتیجے میں حج کے خواہش مند افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، اور لوگ اس عظیم عبادت سے بہرہ ور ہو سکیں گے۔

Comments are closed.