سڑک حادثے میں سرکاری ٹیچر کی موقع پر موت، بیٹی شدید زخمی

 

جالے(محمد رفیع ساگر)لہیریاسرائے-بہیڑی مین روڈ پر پتور تھانہ حلقہ کے انار کوٹھی کے قریب پیش آئے خوفناک سڑک حادثے میں ایک سرکاری اسکول کے ٹیچر کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ان کی بیٹی شدید طور پر زخمی ہو گئی۔ متوفی کی شناخت راجیش کمار رام (42 سال) کے طور پر ہوئی ہے، جو بیگوسرائے کے چھوراہی تھانہ کے شاہپور گاؤں کے رہنے والے تھے اور ایک سرکاری اسکول میں معاون ٹیچر کے طور پر تعینات تھے۔

 

گھر والوں کے مطابق راجیش کمار رام اپنی بڑی بیٹی پوجا کماری (19 سال) کو ریلوے کی امتحان دلانے دربھنگہ آئے تھے۔ امتحان کے بعد دونوں بائیک سے واپس لوٹ رہے تھے کہ اسی دوران انار کوٹھی کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل نے ان کی بائیک کو ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ استاد تقریباً 50 میٹر دور جا گرے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ پوجا کماری بری طرح زخمی ہو گئی اور اس کے دانت بھی ٹوٹ گئے۔

 

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ کے بعد کے ٹی ایم بائیک سوار مقامی نوجوان موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کو اطلاع دینے پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے، اور دونوں موٹر سائیکلوں کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ جاری ہے۔

 

متوفی کے سالے سنتوش کمار سمن نے بتایا کہ راجیش کمار رام کے چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، جن میں سے سبھی ابھی کم عمر ہیں اور کسی کی بھی شادی نہیں ہوئی ہے۔ چھ مہینے قبل ان کے والد کا بھی انتقال ہو چکا تھا، اور خاندان پہلے سے ہی ذہنی و مالی بحران سے گزر رہا تھا۔ ایک بیٹی پیدائشی معذور بھی ہے۔

 

متاثرہ خاندان نے انتظامیہ سے مالی امداد اور انصاف کی اپیل کی ہے تاکہ بچوں کی پرورش و تعلیم کا سلسلہ جاری رہ سکے۔

Comments are closed.