مویشی دالان پر سوئے بزرگ کسان جوڑے پر وحشیانہ حملہ، شوہر ہلاک، بیوی کی حالت نازک ، ملزم کوشل سہنی ہتھوڑے سمیت گرفتار

 

جالے(محمد رفیع ساگر) سمری تھانہ کے بنوولی پنچایت کے دھنکول گاؤں میں پیر کی رات تقریباً بارہ بجے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جب پڑوسی نوجوان نے مویشیوں کے دالان میں سوئے بزرگ کسان جوڑے پر آہنی راڈ، ہتھوڑے اور بانس سے اندھا دھند وار کر دیا۔ اس خونی حملے میں 65 سالہ رام لکشڻ سہنی موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ان کی اہلیہ 60 سالہ سنینا دیوی شدید زخمی ہو گئیں، جنہیں ڈی ایم سی ایچ سے بہتر علاج کے لیے پی ایم سی ایچ ریفر کیا گیا۔

 

عینی شاہد جگن ناتھ سہنی کے مطابق، ملزم کوشل کمار سہنی ولد راج کمار سہنی رات کے اندھیرے میں دالان سے دونوں میاں بیوی کو گھسیٹ کر سڑک پر لے آیا اور مسلسل حملہ کرتا رہا۔ بچانے کی کوشش کرنے والوں پر بھی وہ لپکا، جس پر لوگ جان بچا کر گھروں میں دبک گئے۔ گاؤں والوں نے بتایا کہ ملزم نشے کا عادی اور جھگڑالو مزاج کا تھا، تاہم واردات کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سٹی ایس پی اشوک کمار اور ایس ڈی پی او صدر سرکل 2 ایس کے سمن جائے وقوعہ پر پہنچے اور تفتیش کا جائزہ لیتے ہوئے تھانہ انچارج پنکج کمار کو ضروری ہدایات دیں۔ پولیس نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کر دی اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری شروع کر دی۔ مقتول کے بیٹے لال بابو سہنی اور رام بابو سہنی، جو لودھیانہ اور کرناٹک میں مزدوری کرتے ہیں، یہ المناک خبر سنتے ہی دربھنگہ کے لیے روانہ ہو گئے۔

 

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو وشن پور تھانہ حلقہ سے گرفتار کر لیا اور واردات میں استعمال ہونے والا ہتھوڑا بھی برآمد کر لیا۔ اس دل سوز واردات نے علاقے میں خوف و غم کی فضا پیدا کر دی ہے اور مقامی عوام و نمائندے قاتل کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Comments are closed.