جمعیۃ علماء گوونڈی ممبئی کے زیراہتمام جشن آزادی کی تقریب منعقد صدر حافظ شمس الحق نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی

 

ممبئی (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء گوونڈی (مولانا آرشد مدنی) کے زیراہتمام جشن آزادی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی، جمعیۃ علماء گوونڈی کے صدر حافظ شمس الحق نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی، اس موقع پر معروف عالم دین مفتی عبیداللہ قاسمی نے تحریک آزادی ہند میں علماء دیوبند اور مسلمانوں کی حصہ داری پر مدلل خطاب کیا، انہوں نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ سب سے پہلے آزادی کا تصور اسلام نے دیا، یہی وجہ ہے کہ جب انگریزوں نے تجارت کی آڑ میں ہندوستان پر قبضے کا آغاز کیا تو امام حریت حضرت شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی نے سب سے پہلے انگریزوں کی مکاری و عیاری اور ان کی شاطرانہ چالوں کو بھانپتے ہوئے ان کے خلاف جہاد کا فتوی جاری کیا، فتوی کے آتے ہی علمائے ربانیین میدان جہاد میں کودپڑے اور قابض و غاصب انگریزوں کے خلاف علم جہاد بلند کردیا، مفتی صاحب نے کہا کہ عام طور پر لوگ سمجھتے ہیں کہ 1857 پہلی جنگ آزادی تھی، حالانکہ اس سے بہت پہلے ہی مختلف محاذوں پر آزادی کی جنگ لڑی جاچکی تھی جن میں پلاسی کا میدان جنگ، بالاکوٹ کی پہاڑی، شیر میسور ٹیپو سلطان کی شہادت وغیرہ اہم تحریک آزادی میں شامل ہے، حضرت ٹیپو سلطان کی شہادت کے بعد ہی انگریز یہ کہنے کی ہمت کرسکے کہ ہندوستان اب ہمارا ہے.

مفتی عبیداللہ قاسمی نے مزید کہا کہ 1857 کی جنگ آزادی کے بعد ہمارے علمائے ربانیین بالخصوص سرخیل علماء حجۃ الاسلام حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے چند مخلص رفقاء کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کی بنیاد رکھی تاکہ علماء کی ایک ایسی کھیپ تیار کی جاسکے جو ایک طرف دین کی حفاظت اور اس کی نشرواشاعت کا فریضہ انجام دے سکے تو دوسری جانب جنگ کے میدان میں ملک کو آزاد کرانے کی جدوجہد جاری رکھ سکیں اور الحمدللہ اس طرح علماء دیوبند نے اپنی قربانیوں سے اس ملک کو آزاد کرایا. مفتی صاحب نے زور دے کر کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی تاریخ کو یاد رکھیں اور اپنی آنے والی نسل کو بھی اس سے روشناس کراتے رہیں.

اس تقریب میں گوونڈی کے علماء و مدارس کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکت کرنے والوں میں بصیرت آن لائن کے چیف ایڈیٹر مولانا غفران ساجد قاسمی ،قریشی مسجد کے امام و خطیب مولانا مبارک ندوی، مدرسہ مرقاۃ العلوم گوونڈی کے مہتمم مولانا ثناء اللہ غازی، مدرسہ غیاث العلوم کے مہتمم مولانا اشرف نعمانی، حافظ عصمت اللہ، حافظ نوشاد، حاجی دلشاد عالم، مولانا قمر عالم قاسمی، محمد سالک، مولانا عبد القیوم، مدرسہ احسن العلوم کے مہتمم مولانا اسامہ نعیم اپنے طلبہ کے ساتھ موجود تھے، تقریب کو کامیاب بنانے میں جمعیۃ علماء گوونڈی کے فعال رکن محمد اہل اللہ، آفس انچارج حافظ عبدالرشید وغیرہ پیش پیش تھے.

Comments are closed.