میوات کے کوٹ گاؤں میں مذبح خانوں کے خلاف مقامی ایم ایل اے کی موجودگی میں بڑی پنچایت
میوات کی زر خیز زمین پر کسی بھی صورت میں مذبح خانے چلنے نہیں دیں گے” ایم ایل اے چوہدری اسرائیل
نوح میوات ( محمد صابر قاسمی)
میوات کے گاؤں کوٹ میں اتوار کو گاؤں والوں کی ایک بڑی پنچایت ہوئی، جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی اور زیر تعمیر مذبح خانے کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ پنچایت میں گاؤں والوں نے واضح کر دیا کہ وہ کسی بھی قیمت پر اپنے گاؤں کی زمین پر مذبح خانہ شروع نہیں ہونے دیں گے۔
پنچایت میں گاؤں کے سرپنچ بلال احمد نے کہا کہ مذبح سے گاؤں اور آس پاس کے علاقے کی فضا مکدر ہونے پر شدید نقصان پہنچے گا۔ گندا پانی زیر زمین پانی کو آلودہ کرے گا جس سے پینے کے پانی کی قلت میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ مذبح خانے سے پھیلنے والی گندگی اور بدبو بیماریوں کو جنم دے گی اور گاؤں کا ماحول خراب کر دے گی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ گاؤں والے اس تعمیر کو ہر قیمت پر روکیں گے، چاہے اس کے لیے کوئی بڑی تحریک کیوں نہ چلانی پڑے۔
اس موقع پر ایم ایل اے چودہری اسرائیل بھی پنچایت میں موجود تھے۔ انہوں نے گاؤں والوں کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو حکومت کے سامنے شدت سے رکھیں گے اور کسی بھی حالت میں گاؤں میں مذبح خانہ نہیں بننے دیں گے۔ ایم ایل اے نے یہ بھی اعلان کیا کہ مذبح خانوں کا مسئلہ اسمبلی میں اٹھایا جائے گا تاکہ حکومت پر براہ راست دباؤ ڈالا جاسکے۔
دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ کوٹ گاؤں پہلے ہی زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح اور پانی کی قلت سے دوچار ہے۔ ایسے میں مذبح خانے کی تعمیر سے صورتحال مزید سنگین ہو جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات کو نظر انداز کیا گیا تو احتجاج اس سے بھی بڑی شکل اختیار کر لے گا۔
غور طلب ہے کہ کوٹ گاؤں میں ایک مذبحہ خانہ زیر تعمیر ہے، جس کے خلاف گاؤں والے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں اور اب انہوں نے اس تحریک کو تیز کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
Comments are closed.