مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
اے ایم یو میں مرحوم افضل علی میموریل علاقائی سوئمنگ چیمپیئن شپ کا اہتمام
علی گڑھ، 19 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سوئمنگ کلب نے علی گڑھ ڈسٹرکٹ سوئمنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ”مرحوم افضل علی میموریل علاقائی سوئمنگ چیمپیئن شپ“ کا اہتمام کیا، جس میں خطے بھر سے 100 سے زائد تیراکوں نے حصہ لیا۔
جناب افضل علی، 1965 سے 1988 تک علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں خدمات انجام دینے والے ایک ممتاز کوچ تھے۔ وہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسپورٹس، پٹیالہ کے پہلے بیچ کے گریجویٹ اور ایک بین الاقوامی ریفری بھی تھے۔ انھیں اے ایم یو میں مقابلہ جاتی تیراکی کی بنیاد رکھنے والے بانیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
مذکورہ چیمپیئن شپ میں مردوں کے زمرے میں سفیان اختر نے پہلا مقام اور آہل نوید عثمانی نے دوسرا مقام حاصل کیا۔ جونیئرز میں گروپ اوّل میں آدتیہ فاتح قرار پائے، اور محمد ارسلان عثمانی دوسرے مقام پر رہے۔ گروپ دوم میں آہل نوید عثمانی نے پہلا مقام اور مزمل عباس نے دوسرا مقام حاصل کیا۔ نوعمروں کے گروپ سوم میں آفاق نوید عثمانی پہلے مقام پر اور اطہر گوڑ دوسرے مقام پر رہے۔
یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر ایس امجد علی رضوی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ اے ایم یو سوئمنگ کلب کے صدر کیپٹن ڈاکٹر فاروق احمد ڈار نے صدارت کی۔
مرحوم افضل علی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پروفیسر رضوی نے کہا کہ افضل علی نہ صرف تیراکی کی شان تھے بلکہ کھیل کے جذبے اور ڈسپلن کی جیتی جاگتی مثال بھی تھے اور یہ چیمپئن شپ اُن کی یاد کو خراج پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ ڈاکٹر ڈار نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا اور شرکاء کے جوش و جذبے کو سراہا۔
چیمپئن شپ میں شرکاء کے سرپرست، سابق طلبہ، اور اے ایم یو سوئمنگ کلب کے ارکان موجود رہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں اینٹی ریگنگ ہفتہ منایا گیا
علی گڑھ، 19 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اینٹی ریگنگ ہفتہ منایا گیا، جس کے تحت مختلف بیداری پروگرام اور مقابلے منعقد کیے گئے تاکہ طلبہ کو ریگنگ کے مضر اثرات سے آگاہ کیا جا سکے اور ایک محفوظ، باوقار اور شمولیتی تعلیمی ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔
ہوم سائنس شعبہ کی جانب سے پوسٹر سازی، مضمون نویسی اور ڈبیٹ کے مقابلے منعقد کیے گئے جن کا مقصد طلبہ میں ایک دوسرے کے تئیں ہمدردی و احترام اور نظم و ضبط کے پیغام کو عام کرنا تھا۔ پوسٹر سازی کے مقابلے میں زوبیہ مسعود نے پہلی، الماس ناز نے دوسری، اور شیرین عابدہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مضمون نویسی کے مقابلے میں بی ایس سی سال دوم کی زینہ خان نے اول انعام حاصل کیا۔ ڈبیٹ میں شیریں، رمشہ اور یسریٰ کو فاتح قرار دیا گیا۔ شعبہ میں پوسٹر بھی آویزاں کئے گئے جن کے ذریعہ ریگنگ سے باز رہنے کی تلقین کی گئی۔
سر ضیاء الدین ہال میں ’جشن وطن‘ کے ساتھ ایک خصوصی بیداری نشست منعقد کی گئی۔ کامرس فیکلٹی کے ڈین اور چیئرمین پروفیسر آصف خان نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے علیگ ثقافت کو زندہ کرنے اور ریگنگ کی سختی سے مخالفت کرنے پر زور دیا۔ پرووسٹ ڈاکٹر افتخار احمد انصاری نے طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھنے کی تلقین کی، جبکہ جنرل وارڈن ڈاکٹر شہاب شبیر نے نظم و ضبط اور باہمی احترام کی اہمیت اجاگر کی۔ مسٹر عدنان خان نے طلبہ کو ہاسٹل کی زندگی میں ہمدردی، اتحاد اور دیانت داری برقرار رکھنے کی ترغیب دی۔
طلبہ نے اجتماعی حلف لیتے ہوئے ہم آہنگی، نظم و ضبط اور احترام قائم رکھنے اور ہر قسم کی ریگنگ یا ہراسانی کے خلاف متحد رہنے کا عزم کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے طلبہ نے نگرنگم کی ”صاف علی گڑھ، صحت مند علی گڑھ“ مہم میں نمایاں کردار ادا کیا
علی گڑھ، 19 اگست: علی گڑھ نگرنگم نے ’صاف علی گڑھ، صحت مند علی گڑھ“ کے عنوان سے ایک بیداری مہم شروع کی ہے جس کا باضابطہ آغاز ایک ریلی سے ہوا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، ایم ایل سی اور ڈویژنل کمشنر کے ہمراہ میئر اور میونسپل کمشنر وغیرہ موجود رہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے طلبہ اور اساتذہ بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ ریلی کا آغاز مقامی رکن پارلیمنٹ جناب ستیش گوتم نے جھنڈی دکھا کر کیا۔
اے ایم یو کے شعبہ سوشل ورک سے پروفیسر محمد نسیم خان (سابق چیئرمین)، ڈاکٹر محمد طاہر، ڈاکٹر محمد عارف خان، ڈاکٹر شائنا سیف، ڈاکٹر محمد عذیر، اور ڈاکٹر سمیرا خانم نے اپنے طلبہ کے ہمراہ شرکت کی۔ اے ایم یو کے این ایس ایس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد محسن خان اور دفتر رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھیں۔
اے ایم یو کے طلبہ آئندہ ہفتوں میں گھروں، بازاروں اور محلوں کا دورہ کر کے عوام میں صفائی کے حوالے سے بیداری پیدا کریں گے۔ وہ شہریوں اور دکانداروں کو کوڑے دان کے استعمال، نالیوں میں کچرا نہ ڈالنے، آس پاس کے ماحول کو صاف رکھنے اور عوامی مقامات پر تھوکنے سے گریز کرنے کی تلقین کریں گے۔ ان آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے، اے ایم یو کے طلبہ علی گڑھ کو صاف اور صحت مند بنانے میں سرگرم کردار ادا کریں گے۔
اے ایم یو انتظامیہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی، عوامی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں میں شراکت کو اپنی سماجی ذمہ داری سمجھتی ہے اور صفائی، ماحولیات اور صحت عامہ سے متعلق مہمات میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
Comments are closed.