کھیروئی ندی میں نہاتے وقت طالب علم ڈوب کر لاپتہ، ایس ڈی آر ایف طلب
جالے(محمد رفیع ساگر)منگل کی شام شوبھن ایکمی بائی پاس کے قریب سمری تھانہ علاقے کی کھیروئی ندی میں نہانے کے دوران ایک 10 سالہ طالب علم ڈوب کر لاپتہ ہو گیا۔ لاپتہ بچے کی شناخت منیاری پنچایت کے شوبھن گاؤں کے رام بابو ساہ کے بیٹے آیوش کمار کے طور پر ہوئی ہے، جو گاؤں کے اسکول میں تیسری جماعت کا طالب علم تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسکول سے واپسی کے بعد آیوش اپنے دوستوں کے ساتھ ندی میں نہانے گیا تھا۔ کپڑے اتار کر جیسے ہی وہ پانی میں اترا، ندی کے تیز بہاؤ نے اسے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہ گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ ساتھی بچوں نے اسے بہتے دیکھ کر شور مچایا، جس کے بعد گاؤں کے لوگ بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی سمری تھانہ پولیس بھی وہاں پہنچ گئی۔ مقامی غوطہ خوروں نے بچے کو تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن اندھیرا اور گہرے پانی کی وجہ سے تلاشی کارروائی روک دی گئی۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے ایس ڈی آر ایف کی ٹیم کو فوری طور پر بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس نے بہادر پور سرکل انتظامیہ کو خبر دینے کے ساتھ ساتھ ایس ڈی آر ایف کو بھی مطلع کر دیا ہے اور ندی کے کنارے لائٹس کا انتظام کیا گیا ہے۔ خبر لکھے جانے تک ایس ڈی آر ایف کی ٹیم جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی تھی اور آیوش کمار کی تلاش جاری تھی۔
Comments are closed.