کوشیشور استھان میں شرپسندوں کی فائرنگ، راجیو رائے شدید زخمی، اسپتال میں داخل
جالے(محمد رفیع ساگر)کوشیشور استھان تھانہ علاقے کے کملہ بلان ندی کے پچھمی کنارے پیر کی رات اس وقت افرا تفری مچ گئی جب شرپسند عناصر نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس واقعے میں بسونیا گاؤں کے رہنے والے تقریباً 40 سالہ راجیو رائے ولد لکشمی رائے شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
مقامی لوگوں کے مطابق، راجیو رائے کھانے کے بعد روزانہ کی طرح سیر کو نکلے تھے کہ اسی دوران گھات لگائے بیٹھے شرپسندوں نے انہیں گولیوں کا نشانہ بنا ڈالا۔ اچانک گولی چلنے کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ دوڑ پڑے اور زخمی کو مقامی سطح پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد دربھنگہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (ڈی ایم سی ایچ) ریفر کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واقعے کے بعد گاؤں میں خوف و ہراس کا ماحول قائم ہے۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی کوشیشور استھان تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور معاملے کی چھان بین شروع کر دی۔ ابتدائی جانچ میں واقعہ پرانی رنجش کا نتیجہ بتایا جا رہا ہے تاہم پولیس نے کہا کہ صحیح وجہ تفتیش کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
پولیس نے نامعلوم شرپسندوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ ادھر اہلِ خانہ اور مقامی لوگوں نے جلد از جلد ملزمان کی گرفتاری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments are closed.