مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی یونانی میڈیسن فیکلٹی میں فارماکولوجیکل تحقیق پر لیکچر کا اہتمام

علیگڑھ، 20 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ منافع الاعضاء، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن نے ادویاتی (فارمالوجیکل) تحقیق پر ایک خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا۔

 

شہزادی نورہ بنت عبدالرحمن یونیورسٹی، ریاض، سعودی عرب میں فارماکولوجی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عشرت رحمان نے اپنے خطاب میں فارماکولوجیکل تحقیق میں جدید پیش رفت پر ایک نہایت معلوماتی اور دلچسپ گفتگو کی۔ انھوں نے یونیورسٹی آف ریڈنگ، برطانیہ سے فارمیسی (مالیکیولر فارماکولوجی) میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے اور ویکسین کی تیاری میں پوسٹ ڈاکٹرل تجربہ رکھتی ہیں۔ وہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں فارماکولوجسٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

 

ڈاکٹر عشرت رحمان نے ٹائپ 2 ذیابیطس، موٹاپے اور کینسر جیسے امراض کے مشترکہ امور پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنی تحقیق سے حاصل شدہ نتائج اور مشاہدات حاضرین کے سامنے بیان کیے، جس سے ان امراض میں درپیش چیلنجوں اور پیش رفت کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔

 

شعبہ منافع الاعضاء کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق احمد ڈار نے اپنے استقبالیہ کلمات میں معزز مقرر کا خیرمقدم کیا اور تدریس، تحقیق، اور قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری میں شعبے کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ لیکچر میں شعبہ یونانی طب کے مختلف اساتذہ، پی جی طلبہ، اور ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ پروگرام کا اختتام ڈاکٹر عائشہ اعجاز کے کلمات تشکر پر ہوا۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کے ویمنس پولی ٹیکنک میں اینٹی ریگنگ بیداری پروگرام منعقد

 

علی گڑھ، 20 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ویمنس پولی ٹیکنک نے ایک اینٹی ریگنگ بیداری پروگرام منعقد کیا، جس کا مقصد طالبات کو ریگنگ کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور ایک محفوظ، باعزت اور باہمی احترام پر مبنی کیمپس ماحول کو فروغ دینا تھا۔

 

اس پروگرام کے انٹرایکٹیو سیشن میں طالبات کو ریگنگ کے مفہوم، اس کے منفی اثرات، اور اس کے سنگین نتائج کے بارے میں بتایا گیا۔ طالبات کو یہ بھی ترغیب دی گئی کہ وہ شہ زوری اور ہراسانی کے خلاف آواز بلند کریں۔ پروگرام کے اختتام پر تمام طالبات نے ”ریگنگ کو نہ کہنا ہے“ کا حلف لیا اور متاثرہ طالبہ کی مدد کرنے کا عزم کیا۔

 

پروگرام کی کنوینر ڈاکٹر شیبا منظور نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے پولی ٹیکنک کی جانب سے ایک محفوظ، شمولیتی اور ریگنگ سے پاک تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کے عزم کو دہرایا۔ اس موقع پر اینٹی ریگنگ کمیٹی کے اراکین کے نام بھی نمایاں طور پر آویزاں کیے گئے۔

 

شرکاء کو نیشنل اینٹی ریگنگ ہیلپ لائن (1800-180-5522) اور اے ایم یو کی اینٹی ریگنگ ہیلپ لائن نمبرز کی تفصیلات بھی فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبران جناب اجمل کفیل اور ڈاکٹر شیبا کمال نے طلبہ سے بات چیت کی اور انہیں مفید مشورے دیے۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کورٹ کے نئے اراکین

 

علی گڑھ، 20 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ اسلامیات کے چیئرمین پروفیسر عبد الحمید فاضلی، اور شعبہ ویسٹ ایشین اینڈ نارتھ افریقن اسٹڈیز کے چیئرمین پروفیسر محمد اظہر کو سربراہان شعبہ میں سینیارٹی کی بنیاد پر اے ایم یو کورٹ کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔

 

وہ آئندہ تین سال تک یا چیئرمین کے عہدے پر فائز رہنے تک کی مدت کے لئے اے ایم یو کورٹ کے رکن رہیں گے۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کی فیکلٹی آف میڈیسن میں تعزیتی جلسہ کا انعقاد

 

علی گڑھ، 20 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف میڈیسن میں پروفیسر وائی وی ایس گہلوت،سابق چیئرمین، شعبہ سرجری، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے انتقال پر ایک تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں تعزیتی قرارداد منظور کی گئی اور پروفیسر گہلوت کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

 

فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد حبیب رضا نے پروفیسر گہلوت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ماہر سرجن، بہترین استاد اور نہایت مخلص ساتھی تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے آنجہانی کو شایان شان خراج عقیدت پیش کیا۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کو ملک میں سب سے زیادہ پی جی کورسیز فراہم کرنے والی پہلی سرکاری یونیورسٹی قرار دیا گیا

 

علی گڑھ، 20 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے ایک اور قابل فخر سنگ میل عبور کرتے ہوئے ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں میں سب سے زیادہ پوسٹ گریجویٹ کورسیز فراہم کرنے والی یونیورسٹی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بے مثال کردار کے ساتھ اے ایم یو کو 148 پوسٹ گریجویٹ پروگرام کے ساتھ ملک میں سب سے زیادہ پی جی کورسیز پیش کرنے والی یونیورسٹی قرار دیا گیا ہے۔

 

ٍانڈیا ٹوڈے–ایم ڈی آر اے بیسٹ یونیورسٹیز سروے 2025 کے مطابق، اے ایم یو نے 148 پی جی کورسیز کے ساتھ سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔ یہ اے ایم یو کی علمی فضیلت اور مختلف شعبوں میں تعلیم فراہم کرنے کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔

 

اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس دستیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا:یہ اعزاز اے ایم یو کے شمولیتی اور امتیازی کردار کا ثبوت ہے اور معیار پر مبنی اس کے تعلیمی مشن کو ظاہر کرتا ہے۔ سب سے زیادہ پوسٹ گریجویٹ کورسیز کی فراہمی کے ذریعے ہم نہ صرف کریئر بنا رہے ہیں بلکہ ایسے رہنما بھی تیار کر رہے ہیں جو سماج کی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکیں۔

 

پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے کہا ”ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ مختلف شعبوں میں معیاری اور کفایتی تعلیم فراہم کی جائے، تاکہ اعلیٰ تعلیم ہر طبقے کے لیے قابلِ رسائی بنے۔“

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کے یونانی ڈاکٹروں کی جانب سے آئی آئی سی سی، دہلی میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد

 

علی گڑھ، 20 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اجمل خاں طبیہ کالج کے ڈاکٹروں نے آل انڈیا یونانی طبی کانفرنس (اے آئی یو ٹی سی) کے اشتراک سے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر (آئی آئی سی سی)، نئی دہلی میں ایک مفت طبی کیمپ منعقد کیا۔ یہ کیمپ حکیم اجمل خاں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا، جو اپنے وقت کے معروف یونانی طبیب، عظیم مجاہد آزادی، اور آل انڈیا یونانی طبی کانفرنس کے بانی تھے۔ انہوں نے ہندوستانی طریق ہائے علاج، خاص طور پر طبِ یونانی کے فروغ کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔

 

کیمپ کا افتتاح سابق مرکزی وزیر قانون اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل جناب سلمان خورشید نے کیا۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ ہند کے معالج پدم شری ڈاکٹر محسن ولی، ڈاکٹر محمد خالد صدیقی، خواجہ محمد شاہد، فرقان احمد، اور سینئر صحافی محترمہ نیلم مہاجن سنگھ سمیت سپریم کورٹ کے معروف وکلاء اور اعلیٰ افسران موجود تھے۔

 

اس طبی کیمپ کی قیادت اجمل خاں طبیہ کالج، اے ایم یو کے شعبہ امراض جلد و زہراویہ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد محسن نے کی۔ ان کے ساتھ یونانی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم موجود تھی، جن میں ڈاکٹر محمد انس، ڈاکٹر محمد شعیب، ڈاکٹر شمشاد عالم، ڈاکٹر نوال الرحمان خان، ڈاکٹر عارض ایوب، اور ڈاکٹر دانش عرفان شامل تھے۔

 

تقریباً 140 مریضوں نے اس کیمپ سے استفادہ کیا اور یونانی طریق ہائے علاج جیسے حجامہ، کاٹرائزیشن، ٹرائیکوسکوپی، ڈرموسکوپی وغیرہ کا فائدہ اٹھایا۔ارکان پارلیمنٹ، سابق وزراء، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے وکلاء اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے معزز افراد نے بھی کیمپ سے استفاد کیا۔ ان میں بی سی سی آئی کے نائب صدر اور سابق آئی پی ایل چیئرمین جناب راجیو شکلا بھی شامل تھے۔

 

طبی کیمپ کو کئی معروف یونانی دوا ساز اداروں جیسے ہمدرد لیباریٹریز، ثنا ہربل، نیو شمع، طبیہ فارمیسی، اور اے آئی ایم آئی ایل فارما کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل رہا اور شرکاء کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

Comments are closed.