آئین ترمیمی بل بی جے پی کا سیاسی ہتھکنڈہ، جمہوریت اور عوامی مفاد کے خلاف : نوشاد عالم

 

انڈیا الائنس بہار چناؤ میں بہتر مظاہرہ کرے گی، عوام کو بی جے پی کے فریب سے ہوشیار رہنا ہوگا

جالے (محمد رفیع ساگر/بی این ایس) بہار پردیش یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری نوشاد عالم نے آئین ترمیمی بل پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بل دراصل بی جے پی کی ایک چال ہے جس کے ذریعے ملک کی جمہوری ڈھانچے کو کمزور کرنے اور عوامی حقوق کو محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسراقتدار جماعت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے آئین میں بار بار ترمیم کا سہارا لے رہی ہے تاکہ عوام کو بے روزگاری، مہنگائی اور کسانوں کی بدحالی جیسے اصل مسائل سے بھٹکایا جا سکے۔

 

نوشاد عالم نے کہا کہ اس ترمیم سے وفاقی ڈھانچے پر کاری ضرب پڑے گی اور عوامی نمائندوں کی آزادی سلب ہوگی، جو جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپنے سیاسی مفاد کے لیے سماجی انصاف اور جمہوری اقدار کو قربان کر رہی ہے اور عوام کو تقسیم کرکے اپنی سیاست کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔

 

راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کی قیادت میں چل رہی ’’ووٹر ادھیکار یاترا‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے نوشاد عالم نے کہا کہ یہ یاترا عوام کو ان کے جمہوری حق کے تئیں بیدار کرنے کی ایک تاریخی کوشش ہے اور نوجوانوں، مزدوروں اور کسانوں کی حقیقی آواز ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس یاترا کو کامیاب بنا کر بی جے پی کے عزائم کو ناکام کریں۔

 

آنے والے بہار اسمبلی انتخابات پر بات کرتے ہوئے نوشاد عالم نے کہا کہ عوام بی جے پی کے جھوٹے وعدوں اور دھوکہ دہی کو بخوبی سمجھ چکے ہیں اور اس بار بہار میں انڈیا الائنس بہتر مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس، آر جے ڈی اور انڈیا الائنس کی دیگر جماعتوں کی یکجہتی ہی بی جے پی کو شکست دینے کا سب سے مضبوط ہتھیار ہے۔ نوشاد عالم نے کہا کہ بہار کی زمین ہمیشہ سے جمہوری قدروں کی محافظ رہی ہے اور اس بار کا انتخاب عوام کے حق اور آئین کی حفاظت کا انتخاب ثابت ہوگا۔

Comments are closed.