ٹرک کی زد میں آکر بائیک سوار خاتون کی موت

 

جالے(محمد رفیع ساگر) اتربیل۔ بھرواڑہ سڑک پر واقع نگر پنچایت سنگھواڑہ میں لکڑی بازار کے قریب ہفتہ کے روز ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں ٹرک کی زد میں آکر ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ متوفیہ کی شناخت مظفرپور ضلع کے کٹرہ تھانہ علاقے کے انداما باشندہ منوج شرما کی اہلیہ ریتا دیوی (36) کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریتا دیوی اپنے میکے کمتول تھانہ حلقہ کے برہم پور گاؤں سے شوہر کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر انداما لوٹ رہی تھیں۔ اسی دوران سنگھواڑہ کے لکڑی بازار کے قریب ٹرک کو اوورٹیک کرنے کے دوران بائیک کا توازن بگڑ گیا اور وہ ٹرک کے سائیڈ سے ٹکرا کر سڑک پر گر گئے۔ حادثہ میں منوج شرما تو سڑک کے کنارے جا گرے لیکن ان کی اہلیہ ریتا دیوی سیدھے ٹرک کے دونوں پہیوں کے درمیان جا گریں۔ اتنے میں جیسے ہی ٹرک آگے بڑھا تو اس کا پچھلا پہیہ ریتا دیوی کی کمر پر چڑھ گیا جس سے وہ بری طرح زخمی ہوگئیں۔ اطلاع ملتے ہی سنگھواڑہ تھانہ پولیس اور مقامی لوگوں نے زخمی کو فوری طور پر سی ایچ سی پہنچایا جہاں ابتدائی علاج کے بعد ڈی ایم سی ایچ ریفر کیا گیا۔ لیکن وہاں پہنچتے ہی ڈاکٹروں نے ریتا دیوی کو مردہ قرار دے دیا۔

Comments are closed.