سنجے جھا کی قیادت میں جے ڈی یو کو ملی نئی تقویت، نتیش کمار کے ترقیاتی کاموں پر عوامی رجحان مثبت: نظیر احمد انصاری

 

1637 پلس 1 کے مدرسہ اساتذہ کی ناراضگی دور کرنے پر زور

جالے( محمد رفیع ساگر/بی این ایس)جنتا دل یو اقلیتی سیل کے صوبائی نائب صدر نظیر احمد انصاری نے ہفتہ کے روز جے ڈی یو کے قومی کارگزار صدر و راجیہ سبھا کے رکن سنجے کمار جھا سے ان کے آبائی گاؤں ارریہ سنگرام میں واقع رہائش گاہ پر ایک اہم ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے گلدستہ پیش کر کے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور حالیہ دنوں میں پارٹی کے ذریعہ اقلیتی طبقہ کے لیے کیے گئے پروگراموں پر اپنی خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔

 

انہوں نے خاص طور پر 21 اگست کو پٹنہ میں منعقدہ ’’اقلیتی مکالمہ‘‘ پروگرام کی کامیابی پر سنجے جھا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے اقلیتوں کے اندر جے ڈی یو کے تئیں اعتماد کو نئی بلندی عطا کی ہے۔ انصاری نے کہا کہ سنجے جھا جیسے بااثر رہنما جب قیادت کرتے ہیں تو پارٹی میں نئی توانائی اور جوش پیدا ہوتا ہے اور عوامی سطح پر پارٹی کی شبیہ مزید مضبوط ہوتی ہے۔

 

اس ملاقات کے دوران نظیر احمد انصاری نے پارٹی کے اقلیتی سیل کے ذریعہ انجام دیے جا رہے کاموں کی تفصیل سے آگاہ کراتے ہوئے کہا کہ اقلیتی طبقہ کو ساتھ لے کر چلنا ہی جے ڈی یو کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار نے ترقی کی نئی راہیں طے کی ہیں۔ تعلیم کے فروغ، سڑکوں کی توسیع، تعلیمی اداروں کے قیام، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور اقلیتوں کو بااختیار بنانے کی اسکیموں نے جے ڈی یو کو عوام کے دلوں میں جگہ دلائی ہے۔

 

انہوں نے خاص طور پر کہا کہ مدارس کی اصلاح اور ان کی بہتر حالت کے لیے وزیر اعلیٰ کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں، لیکن اس وقت مدرسہ اساتذہ بالخصوص 1637+1 معاملے کو لے کر ناراض ہیں جس پر فوری توجہ دینا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے سنجے جھا سے اپیل کی کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر وزیر اعلیٰ کو اس مسئلے سے آگاہ کریں تاکہ مدرسہ نظام میں پھیلی بے چینی ختم ہو اور تعلیمی فضا میں سکون قائم ہو سکے۔

 

نظیر احمد انصاری نے مزید کہا کہ بہار میں عوامی رجحان جے ڈی یو کے حق میں تیزی سے بڑھ رہا ہے کیونکہ لوگ یہ دیکھ رہے ہیں کہ نتیش کمار نے ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر، اسکول و کالجوں کی بنیاد، غریبوں اور پسماندہ طبقات کے لیے فلاحی اسکیمیں، خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں جو عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں وہ دوسری ریاستوں کے لیے بھی مثال ہیں۔

 

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والے بہار اسمبلی انتخابات میں عوام وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے کاموں کی بنیاد پر ایک بار پھر جے ڈی یو کو بھرپور اکثریت کے ساتھ کامیاب بنائیں گے۔ انصاری نے کہا کہ سنجے جھا جیسے رہنما پارٹی کے اندر نئی نسل کو جوڑنے اور اقلیتوں کو اعتماد میں لینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جے ڈی یو آج ملک گیر سطح پر مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

Comments are closed.