گوونڈی میں خون عطیہ کیمپ، 41 رضاکاروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جماعت اسلامی ہند اور ایس آئی او کی مشترکہ فلاحی خدمت
ممبئی، 25 اگست(پریس ریلیز)
جماعت اسلامی ہند (JIH) گوونڈی اور اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (SIO) گوونڈی کے اشتراک سے اتوار کے روز ایک کامیاب اور منظم خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ مقامی عوام نے اس فلاحی خدمت میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور کل 41 افراد نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کیا۔
کیمپ کا آغاز دوپہر 1 بجے ہوا اور 6 بجے تک جاری رہا، جس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں اور کمیونٹی کے مختلف طبقات نے شرکت کی۔ کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور تربیت یافتہ رضاکاروں نے عطیہ دہندگان کی مکمل طبی جانچ کے بعد خون جمع کیا، تاکہ معیار اور صحت کے تقاضوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر مختلف سماجی تنظیموں اور غیر سرکاری اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے اس قدم کو معاشرے میں انسانی ہمدردی اور باہمی تعاون کی اعلیٰ مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں جب لوگ اپنی ذات تک محدود ہوتے جا رہے ہیں، ایسے کیمپ انسانیت کی اصل خدمت کی عکاسی کرتے ہیں۔
منتظمین نے تمام خون عطیہ کرنے والوں کو "حقیقی ہیرو” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خون کے یہ قطرے ہنگامی حالات، حادثات، زچگی کے پیچیدہ معاملات، تھیلیسیمیا کے مریضوں اور بڑے آپریشنز کے دوران کئی قیمتی جانوں کو بچانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ عطیہ دہندگان کو بعد از عطیہ راحت بخش غذائی اشیاء اور سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیے گئے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔
امیر مقامی جماعت اسلامی ہند گوونڈی جناب عبد العظیم ملکاپوری نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا: "یہ خدمت صرف ایک کیمپ تک محدود نہیں ہے، بلکہ انسانیت کی خدمت کا یہ سفر مستقل جاری رہے گا۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ علاقے کا کوئی بھی ضرورت مند کبھی خون کی کمی کی وجہ سے زندگی کی جنگ نہ ہارے۔”
کیمپ کے اختتام پر جماعت اور ایس آئی او کے ذمہ داران نے عزم ظاہر کیا کہ ایسی فلاحی سرگرمیاں آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ معاشرے میں انسانی خدمت، بھائی چارہ اور خیرخواہی کے جذبے کو مزید تقویت ملے۔
Comments are closed.