غیاث الدین بابو خان صاحب کی تعلیمی خدمات ناقابل فراموش، ٹرسٹیان صفا بیت المال انڈیا کا خراج عقیدت

 

حیدرآباد (پریس ریلیز) ملتِ اسلامیہ تلنگانہ وآندھراپردیش کی معروف سماجی، تعلیمی اور فلاحی شخصیت جناب غیاث الدین بابو خان کی ہمہ جہتی خدمات بالخصوص مرحوم کی تعلیمی خدمات ناقابل فراموش ہیں صفا بیت المال انڈیا کے جمیع ٹرسٹیان مولانا غیاث احمد رشادیؔ صاحب صدر مرکزی صفا بیت مولانا فصیح الدین ندویؔ صاحب جنرل سکریٹری صفا بیت المال مولانا مصدق القاسمیؔ ٹرسٹی صفا بیت المال مولانا وسیم الحق ندویؔ صاحب خازن صفا بیت المال اور مفتی عبد المہیمن اظہر القاسمیؔ نائب صدر صفا بیت المال نے جناب غیاث الدین بابو خان صاحب کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی نمایاں اور مثالی خدمات کو قابل تحسین و لائق تقلید قرار دیا ہے ۔بابو خان مرحوم نے اپنی زندگی کو خدمتِ خلق، علم و تعلیم کے فروغ اور سماجی بہبود کے کاموں کے لیے وقف کردیا تھا۔ ان کے قائم کردہ رفاہی ادارہ زکوٰۃ چیرٹیبل ٹرسٹ اور ان کے مثالی تعلیمی منصوبوں سے ہزاروں مستحق طلبہ طالبات اور محروم طبقے کے افراد کی زندگیوں میں انقلاب آیا جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کوششوں اور کاوشون سے ہزاروں بلکہ لاکھوں خاندانوں کے مستقبل کو مستحکم و مضبوط بنادیا جس سے ہزاروں خاندانوں کی معیشت بھی مستحکم ہوئی اور ان گھرانوں میں خوشحالی بھی آئی آج ہزاروں نوجوانوں کی ترقی ان ہی کی مرہون منت ہے ۔ وہ اس بات کے خواہاں رہے کہ ہر گھر علم کا مرکز بنے اور ملت کا ہر بچہ تعلیم اور ہنر کے ذریعے ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ان کی خدمات صرف تعلیمی میدان تک محدود نہیں تھیں بلکہ یتیموں، بیواؤں اور بے سہارا افراد کی کفالت میں بھی وہ پیش پیش رہے۔ مرحوم نے جو مثال قائم کی ہے وہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔وہ اپنی شخصیت میں سادگی، انکساری اور اخلاص کا نمونہ تھے۔ اقتدار یا شہرت سے بے نیاز ہو کر صرف رضائے الٰہی کی خاطر کام کرنا ان کا شیوہ رہا۔ ٹرسٹیان صفا بیت المال نے کہا کہ ملت آج نیک نفس خادم اور دردمند رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔ دعاہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی رحمت میں جگہ دے، درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔آمین

Comments are closed.