راہل اور تیجسوی کی قیادت میں جاری ووٹر ادھیکار یاترا کا بٹھولی میں ہوگا شاندار استقبال، جالے میں سید تنویر انور کی مہم نے بڑھائی اپوزیشن کی طاقت

 

جالے:(محمد رفیع ساگر/بی این ایس)

لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور بہار اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف تیجسوی یادو کی قیادت میں جاری ووٹر ادھیکار یاترا کو کامیاب بنانے کے لئے جالے اسمبلی حلقے میں کانگریس کے متحرک رہنما اور سابق ریاستی جنرل سکریٹری سید تنویر انور نے زبردست عوامی رابطہ مہم چلا رکھی ہے۔ اس دوران وہ گاؤں گاؤں پہنچ کر لوگوں کو یاترا کی اہمیت سے روشناس کرا رہے ہیں اور عوام سے اپیل کر رہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شامل ہو کر بی جے پی کی ’’ووٹ کا حق چھیننے‘‘ کی پالیسی کے خلاف آواز بلند کریں۔

 

سید تنویر انور نے کہا کہ یہ یاترا عوام کو ان کے جمہوری حقوق کے تئیں بیدار کرنے کا ذریعہ ہے۔ ملک اور بہار کے عوام کو اپنی طاقت دکھانے کا وقت آ گیا ہے تاکہ ان طاقتوں کو جواب دیا جا سکے جو آئین اور حقِ رائے دہی پر کاری ضرب لگا رہی ہیں۔

 

قابلِ ذکر ہے کہ 27 اگست کو یہ یاترا دربھنگہ پہنچنے والی ہے جہاں دربھنگہ۔مظفرپور قومی شاہراہ کے بٹھولی چوک پر شاندار استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔ مقامی سطح پر نوجوانوں اور کارکنان میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ سید تنویر انور کی شبانہ روز محنت اور انتھک جدوجہد نے اس یاترا کو جالے اسمبلی حلقے میں غیر معمولی پذیرائی دلائی ہے۔

 

بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اس یاترا کو بڑی سیاسی اہمیت دی جا رہی ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کی مشترکہ قیادت اپوزیشن کو نئی توانائی فراہم کر رہی ہے اور اس اتحاد کے مضبوط قدم بہار کی سیاست میں بی جے پی کے لئے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتے ہیں۔ عوامی توقعات اور اپوزیشن کا بڑھتا ہوا اعتماد اس بات کی طرف اشارہ کر رہا ہے کہ بہار چناؤ میں انڈیا اتحاد ایک مضبوط متبادل کے طور پر ابھرے گا۔

 

سید تنویر انور نے دعویٰ کیا کہ آنے والے وقت میں عوامی جوش اور اپوزیشن کی یکجہتی بہار کی سیاست میں فیصلہ کن تبدیلی کا سبب بنے گی، اور ووٹر ادھیکار یاترا اس کا مضبوط اشارہ ہے۔

Comments are closed.