ڈاکٹر عثمان غنی امارت گرلس کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ کی مجلس منتظمہ کی میٹنگ میں کئی اہم فیصلے

 

پھلواری شریف:27؍اگست (پریس ریلیز) امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ کے اکابر نے مسلمانوں کی گرتی ہوئی معاشی صورت حال کو بہتر بنانے اور بے روزگار مسلم بچوں اور بچیوں کو ٹکنیکل تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ایک لائحہ عمل بنایا اور اس کے لئے امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر ٹرسٹ قائم کیا، جس کے تحت پھلواری شریف، پورنیہ، دربھنگہ، راورکیلا ودیگر مقامات پر ٹکنیکل انسٹی ٹیوٹ کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں، مسلم بچیوں کیلئے ہارون نگر سیکٹر ۲؍ پھلواری شریف، پٹنہ میں ڈاکٹر عثمان غنی امارت گرلس کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ عرصہ سے قائم ہے، جس کے تربیت یافتہ فارغ بچیاں ملک کے مختلف مقامات پر برسر روزگار ہیں، یہاں کی مجلس انتظامی کی ایک خصوصی نشست ۲۶؍اگست کو دفتر امارت شرعیہ پھلواری شریف میں زیرصدارت مفکر ملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب امیر شریعت بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ ومغربی بنگال منعقد ہوئی، امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ولیفئر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد انظار عالم قاسمی صدر قاضی شریعت دارالقضاء امارت شرعیہ نے کہا کہ ٹرسٹ کی تشکیل جدید کے بعد یہ پہلی میٹنگ ہورہی ہے، ہم سب کو غور کرنا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ کے تعلیمی معیار کو مزید کیسے بلند کیا جائے، چنانچہ اس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر عثمان غنی امارت گرلس کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری جناب بہاء الدین جیلانی صاحب نے بتایا کہ اس وقت BCA کا کورس نہایت کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے، اس میں بچیوں کی خاصی تعداد بھی ہے، جو بچیاں یہاں سے کورس مکمل کرکے فارغ ہوجاتی ہیں، وہ اکثر اپنے قدموں پر کھڑے ہوکر برسر روزگار ہورہی ہیں، ہم لوگوں کا ارادہ ہے کہ MCA کی منظوری لے کر اس کورس کو بھی چلایا جائے، تاکہ انسٹی ٹیوٹ کی افادیت میں مزید وسعت پیدا ہوجائے، انسٹی ٹیوٹ کے صدر جناب محمد انعام خان صاحب نے کہا کہ ہمارے انسٹی ٹیوٹ کی بہتر تعلیم وتربیت کی شہرت ومقبولیت کے باعث برادران وطن کی بچیاں بھی یہاں داخلہ لے کر تعلیم حاصل کر رہی ہیں، ۲۰۰۳ء؁ کے بعد انسٹی ٹیوٹ نے کافی ترقی کی ہے، BBA کورس کو کیسے موثر بنایا جائے اس پر بھی غور ہو، سکریٹری انسٹی ٹیوٹ نے مشورہ دیا کہ پلس ٹو کی بچیوں پر محنت کی جائے اور انہیں داخلہ لینے پر آمادہ کیا جائے، جناب قمر عالم صاحب نے ملکی محلہ ضلع آرہ میں سلائی سنٹر کے نظام کار پر روشنی ڈالی اور اس کو مزید معیاری بنانے پر توجہ دلائی، اس پر غور کرتے ہوئے قاضی شریعت وٹرسٹ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد انظار عالم قاسمی نے تجویز رکھی کہ یہاں سلائی سنٹر کا نظام چل رہا ہے اگر وہاں ذیلی دارالقضاء بھی قائم ہوجائے تو دونوں کے نظام میں وسعت پیدا ہوجائے گی، شرکاء نے اس تجویز سے اتفاق کیا، حضرت امیر شریعت مدظلہ نے اپنے صدارتی خطاب میں انسٹی ٹیوٹ کے ذمہ داروں کی کارکردگی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ کے فضل وکرم سے ہمارا یہ انسٹی ٹیوٹ صحیح سمت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پارا میڈیکل کورس کے چلانے کیلئے سکم یونیورسیٹی سے منظوری کی کوشش چل رہی ہے، وہ بھی قابل مبارکباد ہے، ہم لوگوں کو نرسنگ کلاسیز شروع کرنے پر بھی غور کرنا چاہئے اور اس کی نافعیت وافادیت سے مسلم بچیوں کے سرپرستوں کو واقف کرانا چاہئے، حضرت امیر شریعت نے یہ بھی فرمایا کہ ابتدائی دینیات کی تعلیم کو مزید قوت بخشی جائے، نیز عربی کی تعلیم پر غور ہو تاکہ بیرون ملک جانے والی بچیاں اس زبان سے بھی واقف رہیں، اس سلسلہ میں NCPUL کی کتابوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے، حضرت امیر شریعت مدظلہ نے اس امر پر خصوصی توجہ دلائی کہ اس وقت ملک کے حالات بہت تیزی سے بدل رہے ہیں، ان حالات میں ملت کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ومنظم ہوکر اجتماعی قوت سے مسائل حل کرنے ہوںگے، اگر ہم سب مل جل کر باہمی تعاون ومشوروں سے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دیں تو ان شاء اللہ کامیابی ملے گی، اس کے لئے سہ ماہی میٹنگ رکھی جائے تاکہ آپس میں تبادلہ خیال کرتے رہیں، اس سے کام آگے بڑھے گا، نشست کا آغاز مولانا ثاقب انور رحمانی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور آخر میں حضرت امیر شریعت کی دعاء پر نشست اختتام پذیر ہوئی، اس نشست میں مجلس منتظمہ کے جن اراکین وذمہ داران نے شرکت کی ان میں حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب مدظلہ العالی، جناب مولانا قاضی محمد انظار عالم قاسمی جنرل سکریٹری ٹرسٹ، جناب محمد انعام خان صاحب صدر ڈاکٹر عثمان غنی امارت گرلس کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ، جناب محمد بہاء الدین جیلانی سکریٹری ڈاکٹر عثمان غنی امارت گرلس کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ، جناب سید محمد شرف صاحب، جناب قمر عالم صاحب، جناب محمد احتشام رحمانی رکن امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر ٹرسٹ، جناب محمد افروز صاحب اکاؤنٹنٹ کے اسماء خصوصیت سے قابل ذکر ہیں۔

Comments are closed.