ووٹرادھیکار یاترا میں ہزاروں حامیوں کا جوش، راہل، پرینکا گاندھی اور تیجسوی کا والہانہ استقبال

 

جالے (محمد رفیع ساگر/بی این ایس) ووٹر ادھیکار یاترا کے 11ویں دن بدھ کے روز دربھنگہ کی سرزمین اپوزیشن لیڈران کے والہانہ استقبال کی گواہ بنی۔ یاترا جب این ایچ 27 پر شوبھن، سمری اور شاشتری چوک سے گزری تو صبح 9 بجے سے ہی جلتی دھوپ اور شدید گرمی کے باوجود عوام کا ہجوم اپنے قائدین کی ایک جھلک پانے کے لیے سڑک کنارے کھڑا رہا۔ لیڈران کے قافلے کے پہنچتے ہی حامیوں نے پھولوں کی برسات کی، نعرے بلند ہوئے اور آسمان "راہل-تیجسوی زندہ باد، لالو-رابری زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھا۔

 

اس یاترا میں کانگریس رہنما راہل گاندھی، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی، جن ادھیکار پارٹی کے سپریمو پپو یادو، وی آئی پی کے مکیش سہنی، ایم ایل اے للت یادو، ڈاکٹر مشکور عثمانی اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ رونت ریڈی شامل تھے۔ قافلے کے سمری چوک پہنچنے پر سابق ایم ایل اے ڈاکٹر فراز فاطمی کی قیادت میں کارکنان نے جے سی بی مشینوں اور گھوڑ سوار دستے کے ساتھ منفرد انداز میں استقبال کیا۔

 

وہیں کانگریس کے سرگرم لیڈر سید اعجاز انور، ایڈووکیٹ ممتاز انصاری، معراج علی، نائب پرمکھ ساجد مظفر ببلو، آر جے ڈی لیڈر محمد شکیل، ڈاکٹر منتظر احمد پیارے، محمد ناز، سی پی آئی رہنما احمد علی تمنے، عبدالکلام، لطیف الرحمن، اظہار عالم منّا، بلاک صدر ریاض احمد، شکیل خان، احسان سمنّے اور محمد لاڈلے کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں عوام نے اپنے قائدین کا والہانہ استقبال کیا۔

 

سی پی آئی ایم ایل کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ نے بھی یاترا میں شرکت کی اور سڑک پر اتر کر عوام سے براہِ راست ملاقات کی۔ مالے کے بلاک سکریٹری سریندر پاسوان نے رسوئیا سنگھوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے مطالبہ نامہ پیش کیا، جب کہ ریاستی نائب صدر نیاز احمد اور سرفراز انصاری نے لال جھنڈے کے ساتھ اپنے کارکنان کے ذریعہ استقبالیہ جلوس میں شرکت کی۔ یاترا کے دوران عوامی سیلاب کی وجہ سے این ایچ 27 پر تین گھنٹے تک ٹریفک جام رہا، جس کے بعد قافلہ مظفرپور کی جانب روانہ ہو گیا۔

 

اس تاریخی موقع پر جالے کی بھرپور نمائندگی بھی نظر آئی۔ نمائندگی کرنے والوں میں سید تنویر انور، ایڈووکیٹ شمیم احمد راعین، صادق آرزو، عامر اقبال،بھوشن آزاد، مولانا ارشد فیضی،محمد نوشاد ،دوگھرا کے سابق مکھیا نور عالم اور سرفراز احمد، سابق سرپنچ ذوالفقار احمد، آفتاب عالم نیتا، اشرف علی، قمرالزمان شامل تھے۔

 

یہ یاترا دربھنگہ سے نکل کر مظفرپور اور آگے سیتامڑھی کی جانب بڑھتی رہی، اور جگہ جگہ عوامی جوش و خروش نے اسے تاریخی رنگ بخش دیا۔

Comments are closed.