ووٹر ادھیکار یاترا کی بھیڑ میں پاکٹ مار سرگرم، سابق مرکزی وزیر اشرف علی فاطمی کا پرس غائب
جالے(محمد رفیع ساگر) ووٹر ادھیکار یاترا کے موقع پر استقبالیہ بھیڑ میں پاکٹ مار سرگرم ہو گئے اور کئی افراد کے سامان غائب ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق شوبھن چوک پر بدھ کے روز سابق مرکزی وزیر اور آر جے ڈی کے قومی صدرِ کم اشرف علی فاطمی عوام کے ساتھ سڑک کنارے استقبال کے لئے موجود تھے کہ بھیڑ میں شامل ایک پاکٹ مار نے ان کی جیب سے پرس نکال لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پرس میں نقد رقم، اے ٹی ایم کارڈ اور ضروری کاغذات موجود تھے۔
اسی بھیڑ میں ضلع پریشد رکن بھولا سہنی کا موبائل بھی ایک بدمعاش نے جھپٹ لیا، تاہم مقامی لوگوں نے تعاقب کرکے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو اپنی تحویل میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔
ادھر حیا گھاٹ تھانہ حلقہ کے چھتونا نرسرا باشندہ وجے یادو نے بھی شکایت درج کرائی ہے کہ ان کا پرس بھیڑ میں غائب ہو گیا، جس میں اے ٹی ایم کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر اہم کاغذات رکھے ہوئے تھے۔ اسی دوران سمری چوک پر جلوس میں شامل بنولی پیکس صدر امرینڈر یادو کی جیب سے بھی 11 ہزار روپے نقد رقم غائب ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
تھانہ صدر اروند کمار نے بتایا کہ معاملے کی سنجیدگی سے تفتیش کی جا رہی ہے اور ملوث افراد کی شناخت کے لئے تیزی سے کارروائی کی جا رہی ہے۔ ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران پیش آئے اس واقعہ نے انتظامیہ کی سکیورٹی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
Comments are closed.