ووٹرلسٹ میں ناموں کے اندراج کیلئے نوجوانوں کی کمیٹی تشکیل دی جائے، شہر پٹنہ کے ائمہ مساجد نے جمعہ کے خطبہ میں اس کو موضوع سخن بنانے پر دیا زور
پھلواری شریف ( پریس ریلیز) آئین ہند نے ہر شہری کو ووٹ دینے کا حق دیا ہے اور یہ ووٹ ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اسی پس منظر میں بہار اسمبلی 2025 کے انتخابات کے تناظر میں ووٹر لسٹوں پر خصوصی نظر ثانی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا، دوسرے مرحلہ میں ووٹروں کے انتخابی فہرست کے مسودے کو بوتھ وائزاپلوڈ کر دیا گیا ہے تاکہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں ہونے والی خامیوں کو درست کیا جائے اسی میں اپنے ناموں کے اندراج کو دیکھا جائے اور چیک کیا جائے کہ کسی کا نام حذف تو نہیں ہو گیا ہے ،اسی سلسلہ میں بہار اڈیشہ و جھارکھنڈکے امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی قیادت میں اور ناظم امارت شرعیہ مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی کی رہنمائی میں مستقل بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔
اخبارات ،سوشل میڈیا، سماجی خدمت گار اور ائمہ مساجد سے متحرک کردار ادا کرنے کے لیے توجہ دلائی جا رہی ہیں اسی سلسلے کی ایک اہم میٹنگ حضرات ائمہ کرام و خطباء کی امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ میں منعقد ہوئی جس میں طے کیا گیا کہ انتخابی فہرست کا جائزہ لینے کے بعد تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے جو اپنے اپنے حلقے کے ووٹروں کے نام کو چیک کریں ،جن کا نام اب تک شامل نہیں ہو سکا ہے یا کسی وجہ سے حذف ہو گیا ہے،تو وہ متعلقہ افراد سے ضروری دستاویزات حاصل کر کے ناموں کا اندراج کرانے میں ان کی مدد کریں ،یہ بھی طے پایا کہ بہار کی سطح پر عوامی بیداری لانے کے لیے سوشل میڈیا کے ذریعہ پیغام رسانی کا کام کیا جائے کیونکہ ایک محتاط اندازے کے مطابق اب تک 30 فیصد لوگوں کے نام ووٹر لسٹ میں درج نہیں ہو سکے ہیں ،اس لیے رضاکارانہ طریقے پر اس کام کو ترجیحی بنیاد پر کیا جائے، ائمہ کرام نے اس بات پر بھی رضا مندی دکھائی کہ جو ملی و سماجی جماعتیں اور سیکولر قوتیں ملک کے سیاسی ڈھانچے۔دستور کے تحفظ اور وقارکو مضبوط بنانے کے لیے تحریک چلا رہی ہیں اور اس پر محنت کر رہی ہیں ،ہم سب کو ایسی قوتوں کو مستحکم کرنے کے لیے تعاون کرنا چاہیے ،اور یکم ستمبر کو منعقد ہونے والے انڈیا اتحاد کے اجتماع میں شرکت کے لیے لوگوں کو آمادہ کرنا چاہیے تاکہ انہیں بھی احساس ہو کہ ملک کا ایک بڑا مسلم طبقہ اس کاز کے لیے ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ میں منعقد ائمہ کرام کی اس نشست سے قائم مقام ناظم مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نے کہا کہ امارت شرعیہ اپنی سطح سے تعلیم یافتہ اصحاب کو ٹریننگ دے کر اس کام پر آمادہ کر رہی ہے ،نیز انڈیا اتحاد کی تحریک میں ہمیں ان کا دست و بازو بننا چاہیے ۔اس سلسلہ میں ائمہ مساجد کا تعاون بھی ضروری ہے۔
مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی شریعت نے بہار کے ووٹر لسٹوں میں ناموں کے اندراج کرانے کے طریقے کار پر گفتگو کرتے ہوئے ائمہ مساجد سے گزارش کی ہے کہ جمعہ میں سیرت رسول کے موضوع پر گفتگو کرنے کے بعد کم سے کم پانچ منٹ کے لیے ووٹر لسٹ میں ناموں کو چیک کرنے اور اندراج کرنے پر خصوصی توجہ دلائیں،ماسٹر انوار احمدبیگو سرائے نے بھی مسئلے کی حساسیت پر ترجیحی طور پر کام کرنے کی ضرورت بتائی،مولاناقمر انیس قاسمی معاون ناظم نے کہا کہ ہم سب لوگوں کی تھوڑی سی محنت سے کام اچھا ہوگا ،مولانا گوہر امام صاحب ، مولانا محمد عظیم الدین رحمانی،قاری امام الدین صاحب ،مولانا عبدالقدوس قاسمی، مولانا محمد شاہد قاسمی ،مولانا محمد ساجد رحمانی سمیت متعدد ائمہ کرام نے مسئلے کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے ،ہرمسجد میں کمیٹی تشکیل دینے اور جمعہ کے خطبہ میں اس موضوع پر گفتگو کرنے کی ضرورت بتلائی ،آخر میںصدر قاضی شریعت مولانا محمد انظارعالم قاسمی نے علماءو ائمہ کا شکریہ ادا کیا اور دعا کرائی، نشست کا آغاز مولانا اسد اللہ قاسمی کی تلاوت کلام پاک اور مولانا احمد حسین قاسمی معاون ناظم کی تمہدی گفتگو سے ہواجس میں انہوں نے ووٹر لسٹ پر خصوصی نظر ثانی کے مسئلے پرامارت شرعیہ کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں کا تفصیلی تذکرہ کیا۔
Comments are closed.