ووٹروں کے ہجوم سے پاکٹ مار گرفتار، سابق مرکزی وزیر کا پرس ہوا تھا غائب

 

جالے(محمد رفیع ساگر)ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران پیش آئے ایک ناخوشگوار واقعے نے استقبال کے جشن کو کھٹا کر دیا تھا۔ 27 اگست کو شوبھن چوک پر جب کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر اشرف علی فاطمی انڈیا اتحاد کے قائدین راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کے استقبال میں عوام کے درمیان کھڑے تھے، اسی دوران بھیڑ کا فائدہ اٹھا کر ایک بدمعاش نے ان کی جیب سے پرس اڑا لیا۔

 

چوری شدہ پرس میں 25 ہزار نقد رقم کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس، پین کارڈ، آدھار کارڈ، شناختی کارڈ، اسلامک انڈیا کارڈ، کنسٹی ٹیوشنل کلب کارڈ اور سی جی ایچ ایس کارڈ جیسے اہم دستاویزات موجود تھے۔ اس واقعہ کے بعد اشرف علی فاطمی کی تحریری شکایت پر سمری تھانہ میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ معاملے کی جانچ سب انسپکٹر ششی شنکر کمار کو سونپی گئی ہے۔

 

اسی دوران سابق ضلع پریشد رکن بھولا سہنی کا موبائل بھی یاترا کے ہنگامہ میں اڑانے کی کوشش کی گئی لیکن عوام کی چوکسی نے سازش ناکام بنا دی۔ بھیڑ نے ایک پاکٹ مار کو رنگے ہاتھوں دبوچ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت مدھوبنی ضلع کے آندھرا ٹھری باشندہ مرحوم فیض الرحمن کے بیٹے محمد پھول حسن کے طور پر ہوئی ہے، جسے پولیس نے عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم سے تفتیش کے بعد پورے پاکٹ مار گروہ کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ادھر جلوس کے دوران ہی چھتونا نرسرا (تھانہ حیاگھاٹ) کے باشندہ وجے یادو نے بھی اپنے پرس کے غائب ہونے کی شکایت درج کرائی ہے جس میں اے ٹی ایم کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس رکھا ہوا تھا۔ اسی طرح بنولی پیکس کے صدر امیندر یادو کے جیب سے بھیڑ کے دوران 11 ہزار روپے غائب کر لئے گئے۔

Comments are closed.