ووٹر ادھیکار یاترا کے اسٹیج پر وزیر اعظم کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ

 

جالے(محمد رفیع ساگر)کیوٹی اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے ڈاکٹر مراری موہن جھا نے دربھنگہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ایک درخواست دے کر وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی آنجہانی والدہ کے خلاف ووٹر ادھیکار یاترا کے اسٹیج سے نازیبا الفاظ استعمال کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

ایم ایل اے مراری موہن جھا نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ 27 اگست کو کانگریس اور آر جے ڈی کے زیر اہتمام ووٹر ادھیکار یاترا منعقد کی گئی تھی جس میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو سمیت انڈیا اتحاد کے کئی بڑے رہنما شریک تھے۔ اس دوران کانگریس کارکن محمد نوشاد نے عوامی اسٹیج سے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی مرحومہ والدہ کے خلاف انتہائی ناشائستہ اور توہین آمیز الفاظ استعمال کیے، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا اور ملک بھر میں تیزی سے وائرل ہوا۔

 

ڈاکٹر مراری موہن جھا نے کہا کہ یہ حرکت نہ صرف وزیر اعظم کے عہدے کے وقار کی توہین ہے بلکہ پورے ہندوستان کی عزت اور جذبات کو مجروح کرنے والی ہے۔ سب سے زیادہ ناقابل قبول بات یہ ہے کہ ایک مرحومہ ماں کے خلاف گالی گلوچ کی گئی، جبکہ ہندوستانی تہذیب و ثقافت میں ماں کو دیوتا کے درجہ میں رکھا جاتا ہے۔ اس طرح کی زبان ہماری سماجی اور ثقافتی اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی ذمہ داری صرف محمد نوشاد پر نہیں ڈالی جا سکتی بلکہ اسٹیج پر موجود وہ تمام رہنما اور کارکن بھی قصوروار ہیں جن کی موجودگی اور سرپرستی میں یہ ناشائستہ عمل انجام پایا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نامزد افراد کے علاوہ اسٹیج پر موجود دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی شناخت کر کے انہیں بھی ملزم بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی شخص اس طرح کے قابل مذمت طرز عمل کا ارتکاب نہ کر سکے۔

Comments are closed.