سکت پور میں انچارج ہیڈماسٹر کا گولی مار کر قتل،اسکول سے واپسی پر بدمعاشوں نے راستے میں بنایا نشانہ ، اسکول میں تھا آخری دن، مدھوبنی ہوچکا تھا تبادلہ
جالے (محمد رفیع ساگر) سكتپور تھانہ علاقے کے وارڈ نمبر 6 گنگولی میں ایک پوکھر کے قریب جمعرات کی شام ایک سنسنی خیز واردات پیش آئی جہاں نگران ہیڈماسٹر اور بی ایل او راجیش کمار ٹھاکر (35) کو بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ مقتول اسکول سے بائیک پر گھر لوٹ رہے تھے کہ اسکول سے تقریباً 200 میٹر کی دوری پر گھات لگائے بدمعاشوں نے ان پر حملہ کر دیا۔ سینے اور پیٹ میں دو گولیاں لگنے سے وہ بری طرح زخمی ہو گئے۔
زخمی حالت میں بھی مقتول ہیڈماسٹر نے ہمت کا مظاہرہ کیا اور تقریباً آدھا کلومیٹر تک بائیک چلاتے رہے، لیکن خون زیادہ بہہ جانے کے باعث سڑک کنارے گر پڑے۔ مقامی لوگوں نے فوراً انہیں اسپتال پہنچایا جہاں ابتدائی علاج کے بعد ڈاکٹروں نے ڈی ایم سی ایچ ریفر کر دیا۔ بعد میں دوسرے اسپتال میں داخل کرایا گیا مگر جمعرات کی رات ان کی موت ہو گئی۔
مقتول کی شناخت مدھوبنی ضلع کے پھلپراس تھانہ علاقے کے سُگاپٹھی گاؤں کے رہائشی راجیش کمار ٹھاکر کے طور پر ہوئی ہے۔ چار بھائیوں میں سب سے بڑے اور غیر شادی شدہ راجیش نے بی پی ایس سی امتحان کے ذریعے ٹیچر کے عہدے پر تقرری پائی تھی۔ وہ مدھپور ٹولہ سونپور کے پرائمری اسکول میں تعینات تھے اور بطور بی ایل او بھی اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔
اس بہیمانہ قتل نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ ایک ایماندار اور فرض شناس استاد کو سرعام گولی مار دینا انتظامیہ اور پولیس کے لیے کھلی چیلنج ہے۔ دیہاتیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوراً گرفتار کیا جائے اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ مقتول کے اہل خانہ کو انصاف مل سکے۔
یہ واردات اس وقت مزید دردناک ہو گئی جب پتہ چلا کہ جمعرات اسکول میں مقتول کا آخری دن تھا کیونکہ ان کا تبادلہ مدھوبنی ہو چکا تھا۔ لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا اور وہ تبادلے سے پہلے ہی بدمعاشوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔
بی ڈی او ڈی ایل یادو اور بی پی آر او و بی ای او اشوک کمار نے بھی اس واردات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ راجیش ٹھاکر غیر شادی شدہ تھے اور چار بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔ وہ بی پی ایس سی کے تحت ٹی آر ای-ون میں بحال ہوئے تھے۔
مقتول کے والد نیلامبر ٹھاکر گاؤں میں بڑھئی مستری کا کام کرتے ہیں۔ بینی پور ایس ڈی پی او آشو توش کمار نے رات میں جائے واردات کا معائنہ کیا اور بتایا کہ مجرموں کی شناخت کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے، ساتھ ہی واردات کے اصل اسباب کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے۔
Comments are closed.