جماعت اسلامی ہند کرلا کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا کامیاب انعقاد، 75 افراد نے خون عطیہ کیا

 

ممبئی: یکم ستمبر(پریس ریلیز)

نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کی آمد کے پرمسرت موقع پر جماعت اسلامی ہند کرلا یونٹ کے زیرِ اہتمام اتوار 31 اگست 2025 کو ایک بلڈ ڈونیشن کیمپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس کیمپ میں مقامی عوام اور نوجوانوں نے نہایت جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور کل 75 رضاکاروں نے خون کا عطیہ پیش کیا۔

 

کیمپ کے انعقاد میں جناب رضوان صدیقی، عبدالصمد فاؤنڈیشن اور ڈاکٹر امتیاز انصاری (صحت سینٹر) نے خصوصی تعاون پیش کیا اور مقام کے ساتھ تمام بنیادی سہولیات فراہم کیں۔ اس موقع پر مختلف مقامی تنظیموں اور این جی اوز نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جن میں اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (SIO)، گرلز اسلامک آرگنائزیشن (GIO)، میڈیکل سروس سوسائٹی (MSS)، آل کرلا کمیٹی، پہل، کرلا وائس، ریڈ اینگل اور یوتھ موومنٹ کرلا شامل ہیں۔

 

کیمپ میں خون عطیہ کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بلڈ ڈونیشن کی اہمیت اور اس کے ذریعے انسانی زندگیوں کو بچانے کے فضائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ کیمپ کا ماحول خدمتِ خلق، ایثار اور انسانی ہمدردی کے جذبات سے لبریز رہا۔اختتامی کلمات اور اظہارِ تشکر صدر جماعت اسلامی ہند کرلا یونٹ جناب عبدالتواب نے ادا کیے اور تمام معاونین، تنظیموں اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیمپ دراصل انسانیت کی خدمت اور آپسی اتحاد و بھائی چارے کی بہترین مثال ہے۔

Comments are closed.