مدرسہ تعلیم القرآن چار بنگلہ میں ششماہی امتحان اختتام پذیر

 

ممبئی، یکم ستمبر(نور اللہ نور) فیض منیر ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر انتظام مدرسہ تعلیم القرآن چار بنگلہ میں گزشتہ روز سہ شنبہ کو ششماہی امتحانات بحسن و خوبی مکمل ہوگئے۔ حفظ، دینیات اور شعبہ انگریزی کے طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ممتحن حضرات کو اپنے برجستہ جوابات سے متاثر کیا۔

امتحانات صبح کے اوقات میں شروع ہوکر دوپہر بارہ بجے تک جاری رہے۔ مختلف درجات کے لیے متعدد معزز ممتحن حضرات کو مدعو کیا گیا جنہوں نے غیر جانبدارانہ انداز میں طلبہ کی جانچ کی اور ان کی صلاحیت کے مطابق نمبرات سے نوازا۔

امتحان کے اختتام پر ایک مختصر نشست منعقد ہوئی جس میں ممتحن حضرات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شعبہ انگریزی کے ممتحن مولانا نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ: “انگریزی ہماری ضرورت ہے اور دینی تعلیم ہمارا اصل مقصد ہے، اس لیے دونوں کے درمیان توازن قائم رکھنا نہایت ضروری ہے۔”

اسی طرح مولانا سراج صاحب دامت برکاتہم نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تشفی بخش جوابات دیے ہیں اور حفظ قرآن کے چند مفید طریقۂ کار پر روشنی ڈالی۔ عربی درجات کے ممتحن نے طلبہ کی ہمت افزائی کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی کتابوں پر اگلا تعلیمی سال منحصر ہے، اس لیے قواعد کو پختگی کے ساتھ یاد کرنے اور عملی اطلاق کی کوشش کرنی چاہیے۔

آخر میں نگرانِ امورِ تعلیم فیض منیر، مولانا مسیح اللہ صاحب نے طلبہ کو کامیاب امتحان پر مبارکباد پیش کی اور بہتر مستقبل کے لیے مزید محنت کی تلقین کی۔ ساتھ ہی تعلیمی و انتظامی امور کے حوالے سے ہدایات بھی دیں۔

واضح رہے کہ ششماہی امتحانات کے نتائج اور انعامات کا اعلان جمعرات کو منعقد ہونے والے انعامی جلسے میں کیا جائے گا۔

Comments are closed.