ناجائز تعلقات کے شک میں شوہر نے بیوی کو قینچی سے گود کر موت کے گھاٹ اتارا

 

دہلی سے لوٹنے کے بعد میاں بیوی میں ہوا جھگڑا، غصے میں آکر شوہر نے دیا خوفناک واردات کو انجام، گرفتار

جالے  (محمد رفیع ساگر)

بہیڑی تھانہ علاقہ کے بگھونی وارڈ 5 سے ایک لرزہ خیز واردات سامنے آئی ہے، جہاں ناجائز تعلقات کے شبہے میں شوہر نے اپنی ہی بیوی کو قینچی سے بے رحمی کے ساتھ گود کر قتل کر دیا۔ الزام ہے کہ شوہر لال بابو داس نے اپنی 28 سالہ اہلیہ سمترا دیوی کے گلے اور سر پر قینچی سے کئی وار کیے، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ واردات کے بعد ملزم شوہر کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

 

پولیس کے مطابق سسرال اور میکے والوں کے بیانات اور ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتولہ کے کسی دوسرے شخص سے ناجائز تعلقات تھے، جس پر اکثر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ کئی بار سمجھانے کے باوجود معاملہ نہیں سدھرا، جس کے بعد آوارگی سے تنگ آکر شوہر نے اتنی خوفناک واردات کو انجام دیا۔

 

گاؤں والوں نے بتایا کہ سنیچر کو سمترا اپنی بیٹی کو لے کر دہلی سے واپس لوٹی تھی، جبکہ شوہر اتوار کو گھر آیا۔ دونوں کے درمیان زبردست جھگڑا ہوا اور غصے میں آکر شوہر نے قینچی اٹھا لی۔ اس نے تابڑ توڑ حملے کر کے بیوی کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا۔

 

واردات کی اطلاع ملتے ہی تھانہ انچارج پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا۔ موقع پر پہنچے ایس ڈی پی او بینی پور آشوتوش کمار نے جائے واردات کا معائنہ کیا اور ایف ایس ایل کی ٹیم کو شواہد اکھٹے کرنے کے لیے بلایا۔ خون کے دھبے، کپڑے اور دیگر سامان کو ضبط کر کے جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر کارروائی کی جا رہی ہے۔

Comments are closed.