دربھنگہ میں بڑا حادثہ ٹلا: پل کی ریلنگ توڑتی بس میں 35 مسافر بال بال بچے

 

جالے (محمد رفیع ساگر) مظفرپور سے دربھنگہ آ رہی ایک مسافر بس منگل کے روز این ایچ 27 پر مبی تھانہ علاقے میں کینسر اسپتال کے قریب حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچ گئی۔ سڑک پر بنے گہرے گڑھوں کی وجہ سے اچانک بس کا اسٹیئرنگ راڈ ٹوٹ گیا اور گاڑی بے قابو ہو کر پل کی ریلنگ توڑتے ہوئے نیچے جانے لگی۔ لیکن ڈرائیور کی سوجھ بوجھ اور موقع پر مقامی لوگوں کی فوری کارروائی سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔

 

بس میں قریب 35 مسافر سوار تھے جو لمحہ بھر کے لیے موت کے دہانے پر پہنچ گئے تھے۔ حادثے کے وقت بس کا اگلا حصہ پل سے نیچے لٹک گیا تھا جبکہ پچھلا حصہ سڑک پر اٹکنے کی وجہ سے گاڑی پل پر جھولتی رہی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ اگر بس پل سے نیچے جا گرتی تو درجنوں لوگوں کی جان جا سکتی تھی۔

 

بس اونر ایشور سنگھ نے واقعے پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وقت پر این ایچ 27 کی مرمت ہوتی تو یہ حادثہ نہ پیش آتا۔ ہم روڈ ٹیکس، روڈ سیفٹی ٹیکس، جی ایس ٹی اور انشورنس سب کچھ ادا کرتے ہیں، اسٹینڈ چارج سے لے کر نگر پالیکا تک ہر جگہ پیسہ دینا پڑتا ہے، اس کے باوجود ہمیں کھڈوں سے بھری سڑک پر چلنا پڑتا ہے۔ آج تو شکر ہے سبھی مسافر محفوظ بچ گئے، ورنہ کوئی بڑا سانحہ ہوسکتا تھا۔ آخر اس کی ذمہ داری کون لے گا۔

 

فی الحال تمام مسافر محفوظ ہیں اور بس کو پل سے ہٹا دیا گیا ہے۔

Comments are closed.