جمعیۃعلماء گوونڈی کے زیر اہتمام مفت آنکھ جانچ کیمپ کا انعقاد، ساڑھے تین سو سے زائد افراد نے استفادہ کیا
ممبئی (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء مہاراشٹر(مولانا ارشد مدنی) کی فعال اور متحرک یونٹ جمعیۃ علماء گوونڈی کے زیر اہتمام آنکھوں کی مفت جانچ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 354 افراد نے شرکت کرکے اپنی آنکھوں کی مفت جانچ کرائی اور ڈاکٹر سے مفت مشورہ لیا، اس کیمپ کا انعقاد گوونڈی میں قائم معروف اور قدیم مدرسۃ البنات مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ کے کیمپس میں کیا گیا تھا، اس کیمپ میں ممبئی کے مشہور اور معتمد آنکھوں کے علاج معالجہ میں معروف ڈاکٹر اگروال ہسپتال کے ماہر اور تجربہ کار ڈاکٹروں کی ٹیم کے ذریعے لوگوں کی آنکھوں کی جانچ کی گئی اور مشورے دئیے گئے، ان مریضوں میں جن کو آپریشن کی ضرورت تھی ان کے لیے آپریشن تجویز کی گئی اور بقیہ لوگوں کو دوا تجویز کی گئی،

کیمپ کے سینئر ڈاکٹر شاداب نے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اگروال ہسپتال ممبئی اور نوی ممبئی میں آنکھوں کے علاج کے لیے معتمد، مستند اور معیاری ہسپتال ہے یہاں عالمی معیار کے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل ہے، ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جن لوگوں کو آپریشن کی ضرورت ہوگی تو ہم اپنے فنڈ سے ان کا آپریشن کریں گے اور اس کے لئے مریض کو بہت ہی معمولی فیس ادا کرنی ہوگی اور اگر کوئی مریض اس فیس کی ادائیگی کے بھی لائق نہیں ہوگا تو اس کا بالکل مفت آپریشن کیا جائے گا، یہ ہمارے ہسپتال کے چیریٹی فنڈ سے کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ آج گوونڈی جیسے علاقے میں کیمپ لگاکر یہ اندازہ ہوا کہ لوگوں میں آنکھوں کے علاج میں بڑی لاپرواہی ہے، کم از کم ہر 6 مہینے پر چیک اپ کرانا چاہئے، میں بہت شکر گزار ہوں جمعیۃ علماء گوونڈی کے ذمہ داران بالخصوص جنرل سکریٹری مولانا محمد صدر عالم قاسمی اور ان کی ٹیم کا کہ انہوں نے ہمارے لیے یہ موقع فراہم کیا، ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی اس طرح کی خدمت کا موقع دیا جائے گا،

اس موقع پر مفت آنکھوں کے جانچ کیمپ کے منتظم اور جمعیۃ علماء گوونڈی کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد صدر عالم قاسمی نے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند ملک کی سب سے بڑی اور قدیم تنظیم ہے، اس تنظیم کے کارناموں میں جہاں ملک وملت کی مختلف جہات سے خدمات انجام دیتی ہے وہیں فلاحی و رفاہی خدمات بھی انجام دیتی ہے، آج کا یہ کیمپ انہی فلاحی و رفاہی خدمات میں سے ایک اہم خدمت ہے، میں اس موقع پر ڈاکٹر اگروال کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ہماری دعوت پر آئے اور یہ کیمپ لگایا، آج کے کیمپ میں گوونڈی سے تعلق رکھنے والے ساڑھے تین سو سے زائد افراد نے اپنی آنکھوں کی جانچ کراکر ڈاکٹر سے مشورے لئے، ان میں سے جن کو آپریشن کی ضرورت ہوگی ان کے آپریشن کا انتظام کیا جائے گا اور یہ ڈاکٹر اگروال ہسپتال کے زیر انتظام ہوگا انشاءاللہ،

اس موقع پر مولانا محمد صدر عالم قاسمی نے کیمپ کے انعقاد میں تعاون کرنے والے سبھی حضرات کا شکریہ ادا کیا، مولانا صدر عالم قاسمی نے مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ گوونڈی کے بانی ومہتمم مولانا ریاض مظاہری کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ریاض مظاہری کی بڑی قربانی ہے کہ انہوں نے مدرسہ میں تعلیمی و تدریسی سرگرمیوں کو موقوف کرکے کیمپ لگانے میں بھرپور تعاون کیا میں مولانا ریاض مظاہری اور ان کے تمام اساتذہ و معلمات کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، اسی طرح جمعیۃعلماء شمال مشرقی زون کے جنرل سیکریٹری مولانا اسید احمد قاسمی کا بھی مشکور ہوں کہ اس کیمپ کے انعقاد میں مولانا اسید قاسمی کی خصوصی توجہات شامل ہے، جمعیۃ علماء گوونڈی کے صدر حافظ شمس الحق اور خازن مفتی احمد قاسمی نے بھی اس کیمپ کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا، ان کا بھی دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں،

اسی کے ساتھ مسجد مصباح العلوم گوونڈی کے امام و خطیب مولانا نسیم احمد ندوی، مولانا ثاقب قاسمی، مدرسہ مرقاۃ العلوم گوونڈی کے مہتمم مولانا ثناءاللہ غازی وغیرہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ان حضرات کا اس کیمپ کے انعقاد میں بھرپور تعاون رہا.
Comments are closed.