ہومیوپیتھی میں انقلابی تحقیق پر پوپری کے ڈاکٹر محمد ثوبان عالمی اعزاز سے سرفراز
بانجھ پن اور مہلک امراض کے علاج میں نئی جہت دینے پر گوا میں ’ایٹرنل فلیم آف ہومیوپیتھی‘ ایوارڈ، سنیل گاوسکر و بریٹ لی کی موجودگی لمحۂ فخر
جالے (محمد رفیع ساگر) پوپری میں قائم ڈاکٹر عفان میموریل ہومیوپیتھک اسپتال کے معروف ہومیوپیتھک معالج ڈاکٹر محمد ثوبان نے اپنی غیر معمولی کامیابی سے نہ صرف اپنے والدین کا نام روشن کیا ہے بلکہ پورے خطے کو عالمی سطح پر وقار بخشا ہے۔ وہ مرحوم ڈاکٹر محمد عفان کے صاحبزادے ہیں اور اپنی سلجھی ہوئی اور غریب پرور شخصیت کے باعث عوام میں خاص پہچان رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر ثوبان نے ہومیوپیتھی کے شعبے میں اپنی تحقیق اور عملی خدمات کے ذریعے ایک الگ شناخت قائم کی ہے۔ بانجھ پن کے علاج میں ان کی ریسرچ کو ایک انقلابی پیش رفت مانا گیا ہے، جہاں انہوں نے بے شمار بے اولاد جوڑوں کو امید کی نئی کرن دی۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کئی مہلک اور پیچیدہ امراض جیسے اسکین ڈزیز (چمڑی کی بیماریاں)، ذیابیطس (شوگر)، جوڑوں کا درد، یرقان (پیلیا)، دمہ، معدے اور جگر کے امراض پر بھی گہرائی سے تحقیق کی ہے۔ ان کے جدید تحقیقی طریقۂ علاج سے مریضوں کو خاطر خواہ فائدہ پہنچ رہا ہے اور لوگ تیزی سے ہومیوپیتھی کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔
عالمی سطح پر ان کی خدمات کو تسلیم کیا گیا ہے اور انہیں جرمنی، سعودی عرب، ویت نام سمیت کئی ممالک میں مدعو کرکے اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے حال ہی میں گوا کے مشہور جے ڈبلیو میریئٹ ہال میں منعقدہ آل انڈیا ہومیوپیتھی ریسرچ سمٹ 2025 میں انہیں ’’ایٹرنل فلیم آف ہومیوپیتھی‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں ہومیوپیتھی کے شعبے میں ان کی تحقیقی کاوشوں، سائنسی بنیادوں پر اس پیتھی کو فروغ دینے اور عوامی خدمت کے اعتراف میں دیا گیا۔
اس موقع پر گوا کے وزیراعلیٰ پرمود ساونت، کرکٹ لیجنڈ سنیل گاوسکر اور آسٹریلیا کے مشہور فاسٹ بالر بریٹ لی بھی موجود تھے۔ بین الاقوامی شخصیات کی موجودگی میں یہ اعزاز حاصل کرنا ڈاکٹر ثوبان کے لیے ایک ناقابلِ فراموش لمحہ رہا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنے تاثرات میں ڈاکٹر ثوبان نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ان کی ذاتی نہیں بلکہ ہومیوپیتھی کے ان تمام محققین و معالجین کی اجتماعی جدوجہد کا نتیجہ ہے جنہوں نے اسے ایک سائنسی اور ثبوت پر مبنی نظامِ علاج بنانے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس سمٹ میں ملک و بیرونِ ملک سے سیکڑوں ماہرین، معالجین اور اسکالرز شریک ہوئے اور ہومیوپیتھی کے مستقبل و عالمی فروغ پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر ثوبان کی اس عالمی سطح کی کامیابی پر پوپری اور سیتامڑھی کے عوام میں زبردست خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف علمی، طبی و سماجی حلقوں نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی محنت، خدمتِ خلق اور سائنسی خدمات سے پورے علاقے کا وقار بلند کیا ہے۔
Comments are closed.