رسول اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ پر عمل انسانیت کی کامیابی کا ضامن ہے: مولانا احمد ولی فیصل رحمانی

 

پھلواری شریف(پریس ریلیز) امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ ،جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ نے اپنے ایک خصوصی پریس ریلیز میں یہ فرمایا کہ ربیع الاول کا مہینہ چل رہا ہے ، اسی مہینے میں ہم سبھوں کے آقا و مولیٰ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت ہوئی ، آپ کی پوری حیات مبارکہ رہتی دنیا تک کی انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے افعال و اقوال سے جو دروس ہم سبھوں کو دئیے ہیں وہ ایک کامیاب اور پُرسکون زندگی گزارنے کیلئے آج بھی مشعلِ راہ ہیں۔آپ نے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے ہمیں یہ بھی سبق ملتا ہے کہ ہم اللہ کی وحدانیت کو تسلیم کرنے والے بنیں ، ہم ہر حال میں اللہ پر کامل اعتماد کریں، ہر خیر و شر میں اعتدال اور عدل کی راہ اپنائیں ، اپنے اخلاق کو عظیم بنانے کی کوشش کریں ،ایک دوسرے کے ساتھ نرم خوئی سے پیش آئیں ، ماتحتوں کا خیال رکھیں ، کمزور و ناتواں کے کام آئیں ، دوست و دشمن کے ساتھ معاملے میں شریعت کے حدود کا پاس و لحاظ رکھیں ۔

 

امیر شریعت نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے ایک اور نمایاں وصف رحمت و شفقت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم نے یتیموں، بیواؤں، غریبوں اور کمزوروں پر جو شفقت فرمائی، وہ بنی نوع آدم کے لیے انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

 

انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ آپ ﷺ نے اجتماعی زندگی میں مشاورت کو لازمی قرار دیا اور صحابہ کرام سے اہم امور میں رائے لی۔ دنیاوی جدوجہد کے ساتھ ساتھ دینی جدوجہد میں بھی آپ ﷺ نے محنت اور استقامت کا عملی نمونہ پیش کیا۔ آپ ﷺ کی زندگی ایثار و قربانی کا پیکر تھی، جہاں دوسروں کو اپنے اوپر ترجیح دینا معمول کی بات تھی، آپ ﷺ کے اوصاف حمیدہ میں ایک بہت ہی نمایاں وصف حسنِ اخلاق تھا۔ نرم گفتاری، خوش اخلاقی اور اعلیٰ برتاؤ کے ذریعے آپ ﷺ نے دلوں کو فتح کیا اور دشمنوں کو دوست بنا دیا۔

 

آپ نے فرمایا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ مبارکہ میں وہ تمام اصول موجود ہیں جن کی روشنی میں انفرادی اور اجتماعی زندگی کو سنوارا جا سکتا ہے۔ اگر تمام انسان آپ ﷺ کی تعلیمات پر مکمل عمل کرنے والے بن جائیں تو آج بھی دنیا امن و سکون کا گہوارہ بن سکتی ہےاور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ پر عمل ہی انسانیت کی کامیابی کا ضامن ہے ۔

 

اخیر میں آپ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سبھوں کو نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ سے صحیح معنوں میں رہنمائی حاصل کرنے اور اپنی زندگیوں کو اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

Comments are closed.