مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کے ساتھ اورینٹیشن سیشن منعقد
علی گڑھ، 4 ستمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) نے عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے سال آخر کے طلبہ کے لیے تعلیم اور سماجی ترقی کے شعبوں میں کریئر کے امکانات پر مبنی ایک اورینٹیشن سیشن منعقد کیا۔
ڈاکٹر مزمل مشتاق، اسسٹنٹ ٹی پی او (جنرل) نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور ایسے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جو طلبہ کے کریئر کے افق کو وسعت دیتے ہیں۔
فاؤنڈیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے مسٹر یرّم مہیش اور مسٹر گورو گوسائیں نے تنظیم کا تعارف کرایا، ادارے کے بانی کے وژن پر روشنی ڈالی اور بھرتی کے عمل کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے عظیم پریم جی فاؤنڈیشن میں ترقی اور ذاتی نشوونما کے امکانات کا بھی ذکر کیا۔
طلبہ نے سوال و جواب کے سیشن میں مقررین سے بھرتی کے عمل، کریئر کے راستوں اور فاؤنڈیشن کے وسیع تر مشن کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
ڈاکٹر سہالیہ پروین، اسسٹنٹ ٹی پی او (جنرل) نے اظہار تشکر کیا اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والوں کی کاوشوں کو سراہا۔
پروگرام میں پروفیسر نسرین (شعبہ تعلیم)، ڈاکٹر راحیلہ رئیس (شعبہ ہندی)، ڈاکٹر منصور عالم صدیقی (ویمنس کالج)، ڈاکٹر طاہر اور ڈاکٹر عارف (شعبہ سوشل ورک)، ڈاکٹر حیدر حسن جعفری (شعبہ طبیعیات) اور ڈاکٹر ذوالقرنین (شعبہ معاشیات) نے بھی شرکت کی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو نے طلبہ کی ذہنی صحت سے متعلق قومی سروے میں طلبہ، اساتذہ اور والدین سے شرکت کی اپیل کی
علی گڑھ، 4 ستمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے طلبہ، اساتذہ اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی دماغی صحت اور خودکشی کی روک تھام پر قومی ٹاسک فورس کے ذریعہ شروع کئے گئے آن لائن سروے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں حصہ لیں۔ یہ ٹاسک فورس سپریم کورٹ نے قائم کی ہے۔
اپنی ویب سائٹ https://ntf.education.gov.in پر نیشنل ٹاسک فورس نے سروے کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے، تاکہ تمام متعلقہ افراد سے اہم معلومات اور تجاویز حاصل کی جا سکیں۔ یہ جوابات اس عبوری رپورٹ کا حصہ ہوں گے جو اسی ماہ جمع کرائی جائے گی۔
اے ایم یو انتظامیہ نے یونیورسٹی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اس عمل کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ لیں، کیوں کہ یہ ایک اہم قومی اقدام ہے جس کا مقصد اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ذہنی صحت کے سلسلہ میں ایک مستحکم نظام قائم کرنا اور خودکشی کے واقعات کی روک تھام ہے۔ طلبہ، اساتذہ اور والدین کی رائے مؤثر سفارشات مرتب کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
سروے، ویب سائٹ کے ”گیٹ اِنوولوڈ“سیکشن میں ہے، جہاں غور و فکر کے ساتھ سوالنامے پُر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ٹاسک فورس کی ہدایات کے مطابق تمام ادارہ جاتی جوابات 6 ستمبر 2025 تک جمع کرانے لازمی ہیں۔ اساتذہ سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ طلبہ کو سروے میں حصہ لینے کی ترغیب دیں، جب کہ والدین کے لیے مخصوص اسٹیک ہولڈر فارم دستیاب ہے، جس کے ذریعے وہ بھی اپنا نقطہ نظر پیش کر سکتے ہیں۔
یونیورسٹی نے کیمپس میں اس حوالے سے بیداری مہم بھی چلائی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس قومی سروے میں حصہ لیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے دو ریسرچ اسکالرز نے ڈی ایس ایس ایس بی کے اردو ٹی جی ٹی امتحان میں کامیابی حاصل کی
علی گڑھ، 4 ستمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ اردو کے دو ریسرچ اسکالرز آفرین رضا اور سعود عالم نے دہلی سب آرڈینیٹ سروسیز سلیکشن بورڈ (ڈی ایس ایس ایس بی) کی جانب سے منعقد کئے گئے اردو ٹی جی ٹی کے امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ آفرین رضا، پروفیسر محمد علی جوہر کی نگرانی میں ریسرچ کر رہی ہیں، جبکہ سعود عالم نے پی ایچ ڈی ٹیسٹ 2024–25 کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
شعبہ اردو کے چیئرمین پروفیسر محمد قمرالہدیٰ فریدی نے دونوں کامیاب اسکالرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کامیابی دیگر ریسرچ اسکالرز کے لیے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری میں تحریک کا باعث بنے گی۔
پروفیسر محمد علی جوہر نے بھی دونوں اسکالرز کی اس کامیابی کو سراہا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں سیرت نمائش اور جلسہ سیرت النبیؐ 5 ستمبر کو
علی گڑھ، 4 ستمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر حضور اکرم ﷺ کی سیرت و تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لیے علمی و ثقافتی پروگراموں کا ایک سلسلہ منعقد کرے گی۔
مولانا آزاد لائبریری میں سیرت نمائش کا افتتاح 5 ستمبر 2025 کو صبح 10 بجے یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کریں گی۔ نمائش میں حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ اور پیغام سے متعلق نایاب کتب، مخطوطات، نوادرات اور اسلامی خطاطی کے نمونے پیش کیے جائیں گے۔
یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ کے مطابق یہ نمائش 5 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک اور 6 ستمبر کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک عوام کے لیے کھلی رہے گی۔ اسی روز صبح 10:30 بجے کینیڈی آڈیٹوریم میں سالانہ جلسہ سیرت النبی ؐ منعقد کیا جائے گا، جس میں دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ کے سینئر استاد حدیث مولانا خالد ندوی غازیپوری اور وثیقہ عربک کالج، فیض آباد (یو پی) کے پرنسپل مولانا محمد محسن خطاب کریں گے۔
پروگرام میں اے ایم یو کے طلبہ نعتیہ کلام پیش کریں گے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو ملاپورم سینٹر میں عید میلاد النبی ﷺ کی ہفت روزہ تقریبات کا آغاز
ملاپورم، 4 ستمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) ملاپورم سینٹر کی سیرت کمیٹی نے عید میلاد النبی ﷺ کی ہفت روزہ تقریبات کا آغاز کیا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز محمد عمران (بی اے ایل ایل بی) کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد شعبہ تعلیم کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صدف جعفری نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔
سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ایم شاہ الحمید نے اپنے افتتاحی خطاب میں عید میلاد النبی ﷺ کی روحانی و اخلاقی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ کو رسول اکرم ﷺ کی شفقت، دیانت، انکساری، اور خدمتِ خلق کے نمونے سے رہنمائی لینے کی ترغیب دی۔ سیرت کمیٹی کے کنوینر، شعبہ تعلیم کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد بشیر کے نے بھی اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر ذوالقرنین (بی اے ایل ایل بی) اور شفاء ندیم (بی ایڈ) نے نعتیہ کلام پیش کیا، جبکہ شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سید احمد سعد نے خصوصی خطاب کیا۔ایم بی اے کے طالب علم سمیر نے آخر میں کلماتِ تشکر ادا کئے۔
ہفت روزہ تقریبات کے تحت مضمون نویسی، نعت خوانی، پوسٹر سازی، خطاطی اور تقریری مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے انسٹی ٹیوٹ آف آپتھلمولوجی نے پنڈت دین دیال اُپادھیائے اسپتال میں آنکھوں کے عطیہ سے متعلق بیداری پروگرام منعقد کیا
علی گڑھ، 4 ستمبر:آنکھوں کے عطیہ سے متعلق قومی پندرہواڑہ (25 اگست تا 8 ستمبر) کے تحت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے انسٹی ٹیوٹ آف آپتھلمولوجی، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے آئی بینک نے پنڈت دین دیال اُپادھیائے اسپتال، علی گڑھ میں آنکھوں کے عطیہ سے متعلق بیداری پروگرام منعقد کیا۔
چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نیرج تیاگی نے پروگرام کا افتتاح کیا اور عوام سے اس انسان دوست مہم میں سرگرم شرکت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے علاوہ، ایسے سماجی امور کی خدمت حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت ہے۔
ڈاکٹر ایم ثاقب، نمائندہ آئی بینک نے سال بھر اس موضوع پر مستقل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پروگرام کے انعقاد میں ڈاکٹر ایم کے ماتھر اور ایڈیشنل سی ایم او ڈاکٹر دنیش کھتری کی خدمات کو سراہا۔
دیہ دان سنستھا کے ڈاکٹر ایس کے گوڑ نے جسم اور آنکھوں کے عطیے کو فروغ دینے میں تنظیم کے کردار پر روشنی ڈالی اور شرکاء سے اس مشن میں شامل ہونے کی اپیل کی۔
انسٹی ٹیوٹ آف آپتھلمولوجی کی ڈاکٹر رینا گرگ نے آنکھوں کے عطیہ سے متعلق تکنیکی پہلوؤں کو واضح کیا اور اس حوالے سے پائی جانے والی عام غلط فہمیوں کو دور کیا۔
پروگرام کا اختتام اجتماعی عہد کے ساتھ ہوا جس میں یہ زور دیا گیا کہ آنکھوں کے عطیہ کے حوالے سے بیداری پیدا کی جائے گی، لوگوں کو آنکھیں عطیہ کرنے کی ترغیب دی جائے گی، اور کورنیا نابینائی کے خاتمے کے لیے کام کیا جائے گا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) میں ’نتائج پر مبنی تعلیم‘ پر اساتذہ کی ورکشاپ منعقد
علی گڑھ، 4 ستمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ایک ورکشاپ منعقد کی گئی، جس کا موضوع تھا”اسکولوں کی تدریس میں اکیسویں صدی کی صلاحیتوں کا فروغ: نتائج پر مبنی تعلیم کا نفاذ“۔
شعبہ فزیکل ایجوکیشن، اے ایم یو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سید خرم نثار نے ورکشاپ میں خطاب کرتے ہوئے اکیسویں صدی کی تدریسی مہارتوں جیسے تنقیدی فکر، تخلیقی صلاحیت، مؤثر ابلاغ اور اشتراک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کہ کس طرح نتائج پر مبنی تعلیم روایتی رٹّے کے بجائے تعلیم کے نتائج پر توجہ دے کر تدریسی عمل کو تبدیل کر سکتی ہے۔
اساتذہ نے نہایت سرگرمی سے بحث و مباحثے میں حصہ لیا، اپنے تدریسی تجربات بیان کیے اور طلبہ کی تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سیشن میں جدید تدریسی طریقوں اور اختراعی تعلیمی نظریات پر مفید رہنمائی فراہم کی گئی۔
اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر ثمینہ نے ایسی مزید ورکشاپ منعقد کرنے پر زور دیا تاکہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کی سفارشات کو بہتر طور پر سمجھا اور نافذ کیا جا سکے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تدریس میں ان سیکھے گئے اصولوں کا اطلاق کریں۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر محمد راشد،اے ایم یو میں شعبہ سنّی دینیات کے نئے صدر مقرر
علی گڑھ، 4 ستمبر: پروفیسر محمد راشد کوآئندہ تین سال کی مدت کے لیے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ سنّی دینیات کاصدر شعبہ مقرر کیا گیا ہے۔ انھیں تدریس و تحقیق میں بیس سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ ان کے علمی اختصاصات میں علوم القرآن، سیرتِ نبوی، تقابل ادیان، فقہ اور اسلام میں انسانی حقوق شامل ہیں۔
پروفیسر راشد نے دو کتابیں تصنیف کی ہیں اور معروف جرائد میں متعدد تحقیقی مضامین شائع کئے ہیں۔ انہوں نے قومی و بین الاقوامی سیمیناروں اور کانفرنسوں میں شرکت کی ہے، جہاں ان کے تحقیقی مقالات کا موضوع قرآنی علوم، بین المذاہب مکالمہ اور عالمی مذاہب میں انسانی اقدار رہا ہے۔
پروفیسر راشد اے ایم یو کورٹ کے منتخب رکن (1994–95 میں طالبعلم نمائندہ) اور (2015–2018 میں ٹیچر نمائندہ) رہے ہیں۔ وہ دینیات فیکلٹی کے مجلہ دراسات دینیہ کے جوائنٹ ایڈیٹر بھی رہ چکے ہیں۔
Comments are closed.