امارت شرعیہ کے محبِ صادق تھے حاجی مستقیم کوثر: امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی
ناظم امارت شرعیہ مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی کی ہدایت پر امارت شرعیہ کے وفد کا جنازہ میں شرکت اور اہل خانہ سے تعزیت
پھلواری شریف (پریس ریلیز) امارتِ شرعیہ کے مخلص نقیب اور محبِ صادق حاجی مستقیم کوثر صاحبؒ (ساکن دانو بیگہ، ضلع جہان آباد) کا انتقال ۴؍ستمبر بروز جمعرات کو ہوا،’’انا للہ و انا الیہ راجعون‘‘ ان کی وفات پر ناظم امارت شرعیہ مفتی سعید الرحمن قاسمی صاحب کی ہدایت پر ایک وفد مرحوم کے جنازے میں شریک ہوا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ وفد کی قیادت قاضی شریعت دارالقضاء جہان آباد مفتی محمد اصغر قاسمی صاحب نے کی، جبکہ ناظم مدرسہ عربیہ اسلامیہ جہان آباد قاری سمیع اللہ قاسمی، قاری محمد جاوید (مدرسہ تعلیم الاسلام) مولانا مظفر آفاق قاسمی اور حافظ شہاب الدین صاحب بھی شریک تھے۔ وفد نے اہل خانہ سے ملاقات کر کے اظہارِ ہمدردی کیا اور کہا کہ مرحوم کی خدمات کو ادارہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
اس مو قع پر ناظم امارت شرعیہ مفتی سعید الرحمن قاسمی صاحب نے مرحوم کے صاحبزادے سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے صبر و حوصلے کی تلقین کی مرحوم کی خدمات اعتراف کرتے ہوئے بلندی درجات کی دعا کی اور امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔جس میں حضرت امیر شریعت نے فرمایا:حاجی مستقیم کوثر صاحبؒ امارتِ شرعیہ کے محض ایک نقیب نہیں تھے بلکہ اس ادارے کے محبِ صادق اور عظیم خدمت گزار تھے۔ ان کا انتقال امارتِ شرعیہ کے لیےایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے ہمیشہ اخلاص و فا کے ساتھ ملت کی خدمت کی، اللہ تعالیٰ انہیں مغفرت و بلندیٔ درجات عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔
حاجی مستقیم کوثر صاحبؒ کی پوری زندگی امارتِ شرعیہ کے پیغام کی اشاعت اور دین و ملت کی خدمت میں گزری۔ وہ سادہ، منکسر المزاج اور مہمان نواز تھے۔ علماء و طلبہ کی قدردانی اور دینی اداروں سے محبت ان کی نمایاں صفات تھیں۔ مرحوم خدمت کو سعادت اور مہمان نوازی کو عبادت سمجھتے تھے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عشاء نہایت رقت آمیز ماحول میں ادا کی گئی، جس میں اطراف و اکناف سے ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ ان کی وفات سے نہ صرف ان کا خاندان بلکہ امارتِ شرعیہ بھی ایک مخلص نقیب اور محبِ صادق سے محروم ہوگیا ہے۔
Comments are closed.