بیدر کی ممتاز معلمہ اسما آراء کو ضلعی سطح پر ”بیسٹ ٹیچر ایوارڈ” سے نوازا گیا
یومِ اساتذہ کی تقریب میں ریاستی وزیر ایشور بی کھنڈرے کے ہاتھوں ایوارڈ کی پیشکش، اردو حلقوں میں خوشی کی لہر
بیدر۔9/ستمبر(محمدامین نواز) بیدر کے تعلیمی و ادبی حلقوں کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جب قدیم معروف تعلیمی ادارے حاجی محمد سلطان میموریل ہائی اسکول، بیدر سے وابستہ معاون معلمہ محترمہ اسما آراء کو سال 2025-26 کے لیے ضلعی سطح پر ”بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ” سے سرفراز کیا گیا،اوریہ اعزاز انھیں یومِ اساتذہ کی مناسبت سے منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب کے دوران عطا کیا گیا، جس نے نہ صرف اردو اساتذہ بلکہ پوری اردو برادری کے لیے فخر و مسرت کا لمحہ پیدا کیا۔ یہ پر وقار تقریب پریاگ فنکشن ہال، ہمنا آباد روڈ، بھالکی میں منعقد ہوئی، جس کا اہتمام ضلعی انتظامیہ، ضلع پنچایت بیدر، محکمہ تعلیماتِ عامہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (DIET) بیدر کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ اس تقریب کی صدارت بسواکلیان انوبھو منٹپ کے صدر پی پی سری ایم جی سی ناڈوجی ڈاکٹر بسولنگا پٹادیورو نے کی، جبکہ اس کا باضابطہ افتتاح ریاستی وزیر برائے جنگلات و ماحولیات و ضلع انچارج وزیر جناب ایشور بی کھنڈرے کے ہاتھوں انجام پایا۔ تقریب میں مختلف تعلیمی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کو ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز دیے گئے۔ اس موقع پر محترمہ اسما آراء کو شعبہ تدریس میں ان کی غیر معمولی تدریسی خدمات، طلبہ کی تربیت میں ان کی لگن اور طلبہ کی تعلیمی ترقی میں ان کی کوششوں کے صلے میں ”بیسٹ اردو ٹیچر” کے باوقار اعزاز سے نوازا گیا۔ محترمہ اسما آراء ایک تجربہ کار، پرعزم اور مشفق معلمہ کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ ان کا اندازِ تدریس نہ صرف جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے بلکہ طلبہ میں زبان و ادب کی محبت بیدار کرنے والا بھی ہے۔ وہ اپنے مضمون کی ترویج و اشاعت کو اپنا تعلیمی و اخلاقی فریضہ سمجھتی ہیں، جس کا واضح ثبوت ان کے طلبہ کی نمایاں کارکردگی اور ان کے درسگاہ میں قائم تعلیمی و تہذیبی ماحول ہے۔واضح ہو کہ محترمہ اسما آراء محمد بشیر احمد مرحوم ریٹائرڈ اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر ساکن راو تعلیم کی صاحبزدای ہیں اور خواجہ شیخ ندیم مرحوم جونیئر انجینئر کی اہلیہ محترمہ ہیں۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ محترمہ اسما آراء نہ صرف واحد اردو معلمہ ہیں بلکہ واحد مسلم معلمہ بھی ہیں جنھیں اس سال کے اس معزز اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔ اس نمایاں کامیابی نے بیدر کی اردو برادری، خاص طور پر اردو مدارس اور اردو اساتذہ میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔ تعلیمی حلقے اس بات پر متفق ہیں کہ محترمہ اسما آراء کا یہ اعزاز تعلیم کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔ بیدر کے باشعور شہریوں، تعلیمی اداروں اور اردو انجمنوں کی جانب سے محترمہ اسما آراء کو مبارکباد کے پیغامات دیے جا رہے ہیں،۔ یقیناً محترمہ اسما آراء کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی محنت اور لگن کا ثمر ہے بلکہ اردو زبان و ادب سے جڑی تمام کوششوں کا اعتراف بھی ہے۔ ان کی خدمات آنے والے نوجوان اساتذہ کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی۔
تصویر ای میل:محترمہ اسما آراء کو ضلعی سطح کا بیسٹ ٹیچر ایوارڈ
مدرسہ اسلامیہ امین القرآن کے ہونہار طالب علم محمد زکریا کی مسابقہ القرآن میں شاندار کامیابی
بیدر۔9/ستمبر۔(محمدامین نواز)۔مدرسہ اسلامیہ امین القرآن، جامع مسجد، منااکھیلی کے باصلاحیت طالب علم محمد زکریا بن شکیل صاحب لشکری نے حال ہی میں منعقدہ ”مسابقہ القرآن” میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے ادارہ، والدین اور علاقہ کا نام روشن کر دیا۔یہ مسابقہ ہوپس فاؤنڈیشن چٹگوپہ ضلع بیدرکے زیر اہتمام محمودیہ فنکشن ہال میں منعقد کیا گیا تھا، جس میں ضلع بیدر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں مدارس کے طلبہ نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ اس مقابلے کا مقصد قرآن کریم کی تعلیمات کو فروغ دینا اور نوجوان نسل میں حفظ و قرائت کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔محمد زکریا، جو اس وقت درجہ سوم کے طالب علم ہیں، نے اپنی شاندار کارکردگی سے مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ان کی اس کامیابی پر منتظمین کی جانب سے انہیں سات ہزار (7000) روپے مالیت کا چیک اور خصوصی توصیفی سند پیش کی گئی۔ اس موقع پر اساتذہ، طلبہ اور شرکاء کی جانب سے زبردست پذیرائی کی گئی۔مدرسہ اسلامیہ امین القرآن کے مہتمم، اساتذہ کرام اور متعلقین نے محمد زکریا کی اس کامیابی پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ چٹگوپہ ہوپس فاؤنڈیشن کی جانب سے اس نوعیت کے دینی و تعلیمی پروگرامز کا تسلسل سے انعقاد علاقائی سطح پر قرآنی تعلیمات پر عمل اور اس کے فروغ کی جانب ایک خوش آئند قدم ہے، جو نوجوان نسل میں دینی شعور بیدار کرنے کا اہم ذریعہ بن رہا ہے۔
تصویر ای میل:مدرسہ اسلامیہ امین القرآن کے ہونہار طالب علم محمد زکریا کی مسابقہ القرآن میں شاندار کامیابی
الامین تحریک کا یومِ تاسیس:تعلیمی خدمات پر معلمین و معلمات کی حوصلہ افزائی،
محترمہ عفت آراء صدر معلمہ الامین گرلز ہائی اسکول بیدرکو اعزاز سے نوازا گیا
بیدر۔9/ستمبر۔(محمدامین نواز)۔ریاست کرناٹک میں قائم معروف تعلیمی و اصلاحی تحریک ”الامین تحریک” کا یومِ تاسیس ایک باوقار اور عظیم الشان تقریب کے ساتھ الامین کیمپس، نزد لال باغ، ہسور روڈ، بنگلور میں منایا گیا۔ اس پُروقار موقع پر تحریک کے زیرِ انتظام مختلف شہروں میں قائم تعلیمی ادارہ جات سے وابستہ معلمین و معلمات کی قابلِ قدر تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈز اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔تقریب میں ریاست بھر سے تعلق رکھنے والے تعلیمی اداروں کے اساتذہ، سماجی رہنما، طلبہ و طالبات اور سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر جہاں تعلیمی ترقی و خدمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی، وہیں معیاری تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے والے اساتذہ کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اسی سلسلے میں الامین گرلز ہائی اسکول کی صدر معلمہ محترمہ عفت آراء کو ان کی بیش بہا علمی و تدریسی خدمات کے اعتراف میں ”Certificate of Appreciation” سے نوازا گیا۔ محترمہ عفت آراء کی طویل عرصے سے تدریس کے میدان میں خدمات کو اہلِ علم و دانش نے ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔ ان کی تعلیمی قیادت، طلبہ کی رہنمائی اور مثالی تدریسی طریقہ کار نے ادارہ کو نئی جہات عطا کی ہیں۔ واضح رہے کہ محترمہ عفت آراء، مرحوم محمد بشیر احمد (ریٹائرڈ اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر، ساکن راو تعلیم) کی صاحبزادی اور محمد محسن الدین (کلاس ون کنٹراکٹر ساکن نورخان تعلیم) کی اہلیہ ہیں۔ ان کے اس اعزاز پر نہ صرف الامین کیمپس، بیدر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، بلکہ ان کے خاندان، عزیز و اقارب اور تعلیمی حلقوں میں بھی مسرت و افتخار کی فضا قائم ہو گئی۔ تقریب کے اختتام پر مقررین نے اساتذہ کے کردار کو ملت کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسی تقریبات کے ذریعے نہ صرف اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ نئی نسل کو بھی علم و تربیت کے میدان میں مزید آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے۔
Comments are closed.